لیما: پیرو میں سونے کی کان میں آگ لگنے سے 27 افراد لقمہ اجل بن گئے، بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ افسوسناک حادثہ کان کنی کے دوران پیش آئے حادثوں میں سب سے بدترین حادثہ ہے۔
حکام کے مطابق حادثے میں 2 افراد کو جلنے سے بچا لیا گیا ہے، تاہم مزید کسی کے زندہ بچنے کی امید ظاہر نہیں کی جا رہی۔پیرو کے علاقے اریکیپا میں واقع لا اسپرانزا نامی سونے کی کان کے اندر بجلی کے شارٹ سرکٹ سے آگ بھڑک اٹھی تھی۔
مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق 30 کے قریب ماہر ریسکیو کارکنوں نے کان سے ہلاک افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو نکالنے کے لیے امدادی آپریشن میں حصہ لیا۔کان میں لگنے والی آگ کے شعلے اور نکلتے دھویں کو دور دور تک دیکھا گیا۔
جاری کیے گئے بیان میں علاقائی حکام نے بتایا ہے کہ جائے حادثہ سے قریب ترین پولیس اسٹیشن 90 منٹ کی دوری پر جبکہ قریبی شہر سے کئی گھنٹے کے فاصلے پر تھا جس کی وجہ سے امدادی کاموں میں تاخیر ہوئی۔
ریسکیو حکام کے مطابق آگ لگنے کے موقع پر کان کن زمین کی تہہ میں 80 سے 100 میٹر نیچے کام کر رہے تھے۔
مزید پڑھیں:ایران اپنے اہم تاریخی مقامات کیوں نیلام کر رہا ہے؟
واضح رہے کہ پیرو دنیا کے سب سے بڑے سونا پیدا کرنے والے ممالک میں سے ایک ہے، جو ایک سال میں کان کنی کے ذریعے 100 ٹن سے زیادہ سونا نکالتا ہے جو پوری دنیا کی سالانہ سپلائی کا 4 فیصد ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








