لاہور: پاک فوج کے سربراہ سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ پاک فوج اور عوام میں دراڑ پیدا کرنے کی کوشش کسی بھی حالت میں نہ تو قابل برداشت ہے اور نہ ہی قابل معافی ہے۔
آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ سپہ سالار نے لاہور کا دورہ کیا، انہوں نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔
سپہ سالار نے جناح ہاؤس اور فوجی تنصیبات کا بھی دورہ کیا جن پر شرپسندوں نے حملہ کر کے توڑ پھوڑ کی تھی، کور کمانڈر لاہور نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا استقبال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دورہ کے موقع پر آرمی چیف کو 9 مئی کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی، آرمی چیف نے کور ہیڈکوارٹرز میں افسروں اور جوانوں سے خطاب بھی کیا۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث منصوبہ سازوں اور حوصلہ افزائی کرنے والوں کے خلاف پاکستان آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت کارروائی شروع ہو چکی ہے، فوج اپنی طاقت عوام سے حاصل کرتی ہے۔
آئی ایس پی آر کے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ سپہ سالار نے سروسز ہسپتال لاہور کا بھی دورہ کیا، انہوں نے ڈی آئی جی علی ناصر رضوی کی خیریت دریافت کی۔
مزید پڑھیں:کراچی پولیس نے 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کی فہرست تیار کرلی
آرمی چیف نے مادر وطن پر جان قربان کرنے والے شہداء کو خراج تحسین پیش کیا،آرمی چیف کا کہنا تھا کہ فوج اور عوام کے درمیان دراڑ پیدا کرنے کی کوشش کسی بھی حالت میں نہ تو قابل برداشت ہے اور نہ ہی قابل معافی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








