نادرا نے بیمار، بزرگ اور خصوصی افراد کیلئے موبائل مین پیک سروس کی سہولت متعارف کرادی

تازہ ترین

تازہ ترین

کراچی: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے موبائل مین پیک سروس کی نئی سہولت متعارف کرا دی ہے جس کی تحت شدید بیمار، انتہائی عمر رسیدہ اور خصوصی افراد گھر بیٹھے شناختی کارڈ بنواسکیں گے۔

وزیراعظم عمران خان کی عوام کو بہتر اور مزید سہولیات فراہم کرنے کے وعدہ کی تکمیل کرتے ہوئے چیئرمین نادرا عثمان مبین نے موبائل مین پیک سروس کا آغاز کر دیا۔

اس حوالے سے ترجمان نادرا نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ شدید بیمار،نابینا، ذہنی مریض، انتہائی عمر رسیدہ اور معذور افراد شناختی کارڈ کے حصول کیلئے نادرا کے تمام ریجنل، زونل یا مقامی دفاتر میں درخواست دے سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں :نادرا میں غلط آدمی کی موجودگی سے سب کے بینک اکاؤنٹس غیر محفوظ ہو جاتے ہیں، چیف جسٹس

ترجمان کے مطابق مین پیک ان کے گھر پر جا کر درخواست کی تمام تر کارروائی مکمل کرے گا، شناختی کارڈ مقررہ مدت کے اندر ان کے گھر کے پتہ پرارسال کردیا جائے گا۔

ترجمان نے بتایاکہ چیئرمین نادرا کی جانب سے خصوصی افراد کیلئے خصوصی انتظامات کی ہدایت کی گئی تھی جسے عملی جامہ پہناتے ہوئے نادرا نے اب یہ جدت آمیز سہولت متعارف کرا دی ہے۔

Related Posts