اسلام آباد: چیف الیکشن کمشنر نے توہینِ الیکشن کمیشن کیس میں سابق وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری کی گرفتاری کیلئے قابلِ ضمانت وارنٹ جاری کردئیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کے خلاف توہینِ الیکشن کمیشن کیس کی سماعت چیف الیکشن کمشنر کی زیرِ صدارت 5 رکنی کمیشن بینچ نے کی۔ فواد چوہدری کے وکیل مرزا آصف نے اپنے مؤکل کے حق میں دلائل دئیے۔
ویڈیو وائرل، افواہوں کی تردید کیلئے نبیل گبول کا بیان جاری
وکیل مرزا آصف نے الیکشن کمیشن سے استدعا کی کہ فواد چوہدری کے خلاف توہینِ الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ملتوی کی جائے۔ الیکشن کمیشن نے سابق وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کو ذاتی حیثیت میں سماعت کیلئے حاضری کا حکم دیا تھا۔
اس ضمن میں وکیل آصف مرزا نے مؤقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری کو شوکاز نوٹس دیا ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ اس کیس پر فیصلہ محفوظ کرچکی ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ شوکاز نوٹس پر فیصلہ ہوچکا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دئیے کہ الیکشن کمیشن نے شوکاز نوٹس پر فیصلہ سنایا اور آج سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کو ذاتی حیثیت میں طلب بھی کیا لیکن فواد چوہدری نے جواب بھی جمع نہیں کروایا۔ بعد ازاں کیس کی سماعت 6جولائی تک ملتوی کردی گئی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








