کراچی: پیپلز پارٹی رہنما نبیل گبول نے بلاول بھٹو کے ہمراہ اپنی حال ہی میں وائرل ہونے والی ویڈیو پر افواہوں کی تردید کیلئے ویڈیو بیان جاری کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نبیل گبول نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ میں ایک بار پھر سوشل میڈیا کی زینت ہوں، مجھے پتہ چلا کہ دنیا بھر میں میرے کتنے چاہنے والے ہیں، جب آپ کے خلاف دنیا اٹھ کھڑی ہو اور مخالفین سازشیں کریں تو میرا ایمان ہے کہ اس وقت اللہ تعالیٰ بندے کی مدد کرتا ہے۔
ویڈیو بیان میں نبیل گبول نے کہا کہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی تقریبِ حلف برداری میں وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات بہت خوشگوار موڈ میں ہوئی۔ میں نے ان سے لیاری میں 16 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کے متعلق بتاتے ہوئے ذاتی دلچسپی لینے کا کہا تھا۔
پی پی پی رہنما نبیل گبول نے کہا کہ جواباً پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مجھے لیاری کے لوگوں کا احساس اور درد ہے، سوشل میڈیا پر اگر کہیں مکمل ویڈیو لگی ہے تو دیکھا جاسکتا ہے کہ چیئرمین پی پی پی نے وزیرِ اعلیٰ سندھ کو کے الیکٹرک سی ای او کو بلانے کا کہا۔
نبیل گبول نے کہا کہ بلاول بھٹو نے کہا کہ میں کل اسلام آباد سے واپس آ کر سی ای او سے ملاقات کرنا چاہتا ہوں۔ اتنے میں ڈپٹی میئر آگئے تو بلاول کھڑے ہوگئے۔ میں نے کہا کہ آپ کے الیکٹرک کے علاوہ سوئی گیس کے ایم ڈی کو بھی بلائیں کیونکہ لیاری میں گیس موجود نہیں۔ پھر بلاول نے لائٹر موڈ میں کہا کہ یہاں ساری باتیں نہیں ہونگی۔
انہوں نے کہا کہ بلاول نے مجھ سے کہا کہ میں تم سے بعد میں ملاقات کروں گا، وہاں بات کرتے ہیں۔ صرف اتنی بات تھی، لیکن سوشل میڈیا پر غلط پراپیگنڈہ کیا گیا۔ اگر لیاری کے عوام کیلئے بات کرنے پر یہ سمجھا جائے کہ میری بے عزتی ہورہی ہے تو مجھے یہ بے عزتی بھی قبول ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








