وفاقی حکومت نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدتِ ملازمت میں توسیع کے حوالے سے قانون سازی کے لیے 3 وزراء پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی ہے۔
سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں تشکیل دی گئی کمیٹی میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر منصوبہ بندی و خصوصی اقدامات اسد عمر اور وزیر دفاع پرویز خٹک شامل ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان نے حکومتی کمیٹی کو اپوزیشن کو قانون سازی پر قائل کرنے کے لیے مذاکرات کا ٹاسک دے دیا ہے جبکہ آرمی چیف توسیع کے حوالے سے قانون سازی کے لیے حکومت اور اپوزیشن دونوں کی رضامندی ضروری ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل سپریم کورٹ نے آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں6 ماہ مشروط توسیع کی اجازت دیتے ہوئے حکومت کو متعینہ مدت کے اندر قانون سازی کی ہدایت کردی۔
چیف جسٹس آف پاکستان آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں 28 نومبر کو ججز کے 3 رکنی بینچ نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق کیس کی سماعت کی،حکومت کی طرف سے کیس کا دفاع کرنے کے لیے اٹارنی جنرل انور منصور ، سابق وزیر قانون فروغ نسیم اور دیگر پیش ہوئے جس کے بعد سماعت کا آغاز کیا گیا۔
چیف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمین توسیع کے حوالے سے فیصلہ سناتے ہوئے سپریم کورٹ کا کہنا تھا کہ حکومت نے آرمی چیف کی مدمت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے قوانین سے انحراف کیا،حکومت باربار مؤقف تبدیل کرتی رہی ، کبھی دوبارہ تعیناتی کبھی دوبارہ توسیع کا کہا جاتا رہا۔
مزید پڑھیں: آرمی چیف کی مدتِ ملازمت میں 6ماہ کی توسیع
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








