کراچی: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ککری گرائونڈ لیاری کے نام سے نئے تعمیر شدہ ککری اسپورٹس کمپلیکس کا افتتاح کردیا۔
وزیراعلیٰ ہائوس سے بدھ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ آصفہ بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بھی موجود تھے۔ تقریب میں وزرا شرجیل میمن، اسماعیل راہو، مکیش چائولہ، گیانچند ایسرانی، میئر کراچی مرتضی وہاب، ڈپٹی میئر سلمان مراد ، ایم پی ایز، علاقے کے معززین اور پارٹی کارکنان نے شرکت کی۔
افتتاح کے بعد چیئرمین بلاول بھٹو، آصفہ بھٹو نے محترمہ بینظیر بھٹو کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا ، کیک کاٹنے سے پہلے محترمہ کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی گئی۔ تقریب ککری اسپورٹس کامپلیکس کے فٹ بال گرائونڈ میں منعقد کی گئی ۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے لیاری کے عوام کو اتنے خوبصورت سپورٹس کمپلیکس کی بحالی پر مبارکباد دی جہاں نوجوانوں کو کھیلوں کےعالمی مقابلوں میں حصہ لینے کیلئے تربیت دی جائے گی۔
یہ کمپلیکس لیاری کے تاریخی علاقے میں واقع ہے جو مقامی کمیونٹیز کیلئے نہایت ثقافتی اہمیت کا حامل ہے، یہ پراجیکٹ صوبائی حکومت کے اس عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ گلی محلوں میں معیار زندگی کو بہتر بنانے اور اپنے شہریوں بالخصوص نوجوان نسل کیلئے کھیلوں کی بہتری کو فروغ دیا جائے گا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ ککری اسپورٹس کمپلیکس کی اہمیت اور نیبرہڈ امپروومنٹ کی ضرورت کو تسلیم کرتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو کی ہدایت پر سندھ حکومت نے بحالی کے منصوبے پر کام شروع کیااور مزید کہا کہ اس منصوبے میں زمین کے استعمال کیلئے ایک جامع منصوبہ تیار کرنا اور موجودہ سہولیات کو عالمی معیار کے مطابق بہتر بنانا شامل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس کے علاوہ قومی و عالمی مقابلوں میں موجودگی کو یقینی بنانے کیلئے نئے انڈور گیمز اور سہولیات کو شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی نیبر ہڈ امپروومنٹ پروجیکٹ (کے این آئی پی ) نے اس منصوبے پر عمل درآمد کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے جس میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت شامل ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








