اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں سے عام انتخابات 2023ء میں انتخابی نشانات الاٹ کیے جانے کی درخواستیں طلب کر لی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں سے درخواستیں طلب کرتے ہوئے اپنے حالیہ بیان میں کہا کہ جماعتیں مختص شدہ انتخابی نشان کیلئے درخواستیں جمع کرائیں۔ ہر درخواست پر پارٹی سربراہ کے دستخط ضروری ہیں۔
عام انتخابات کی تیاریاں جاری، الیکشن کمیشن کا پولنگ اسکیم ڈرافٹ تیار
اپنے حالیہ بیان میں الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعتیں 19 جولائی تک انتخابی نشان الاٹ کیے جانے کی درخواستیں جمع کروا سکتی ہیں۔ ہر درخواست کے ساتھ انتخابی نشانات کی ترجیحی لسٹ منسلک کرنا اور ہیڈ آفس کا پتہ بھی درج کرنا ہوگا۔
بیان میں الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ درخواست موصول ہونے پر سیاسی جماعتوں کی اہلیت کا جائزہ لیا جائے گا۔ فروری اور مارچ کے دوران خیبر پختونخوا اور پنجاب کیلئے درخواست گزار جماعتوں کو دوبارہ درخواست دینا ہوگی۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ فیکس کے ذریعے موصول درخواستیں قابلِ قبول نہیں، نہ ہی نامکمل درخواستوں پر غور کیا جائے گا۔ سیاسی پارٹیوں کو الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 206 کے تحت حلف نامہ بھی منسلک کرنا ہوگا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








