اسلام آباد: صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم شہباز شریف نے یومِ استحصالِ کشمیر کے موقعے پر اپنے پیغامات میں کہا ہے کہ پاکستان مظلوم کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
تفصیلات کے مطابق یومِ استحصالِ کشمیر کے موقعے پر صدرِ مملکت اور وزیر اعظم نے الگ الگ پیغامات جاری کیے ہیں۔ صدر عارف علوی کا کہنا ہے کہ کشمیری بھارت کے غیر قانونی تسلط کے خلاف لازوال قربانیاں دے رہے ہیں، پاکستان ان کی آواز بنتا رہے گا۔
مقبوضہ وادی کی آئینی حیثیت تبدیل ہوئے 4سال مکمل
اپنے پیغام میں صدرِ مملکت نے کہا کہ پاکستان مظلوم کشمیریوں کے جائز حقوق کے حصول کیلئے ہر ممکن تعاون کرے گا۔ ہمیں یقین ہے کہ اقوامِ متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلۂ کشمیر کا پر امن حل نکالا جاسکتا ہے۔
صدرِ مملکت نے کہا کہ مسئلۂ کشمیر کے پر امن حل کے ذریعے ہی جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و استحکام کا قیام ممکن ہے۔ بھارت کے 5 اگست 2019 کے اقدامات کا مقصد کشمیری عوام کو بے اختیار کرنا اور انہیں حقِ رائے دہی سے محروم کرنا ہے۔
دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ آج بھارت کو کشمیر کی خصوصی حیثیت کو منسوخ کرنے کے 4سال مکمل ہو گئے، اس وقت سے بھارت عوام کو دبانے کیلئے جبر و تشدد کے وحشیانہ استعمال کا سہارا لے رہا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ بھارت نے کشمیر کی عالمی تسلیم شدہ متناعہ حیثیت کو تبدیل کنے کیلئے غیر قانونی اقدامات کا سلسلہ شروع کیا اور جغرافیائی آبادیاتی تناسب میں تبدیلی لانے کی کوشش کی۔ پاکستان اس مذموم عمل کی مذمت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ غیر کشمیریوں کو جعلی ڈومیسائل جاری کیے گئے۔ بھارت نے موجودہ ووٹر فہرستوں میں ردوبدل کیلئے لاکھوں عارضی رہائشیوں کو شامل کر لیا۔ ان تمام اقدامات سے کشمیر کے آبادیاتی اور سیاسی منظر نامے کو تبدیل کرنے کی سوچی سمجھی سازش کی گئی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








