کراچی: صوبہ سندھ کی تحصیل نواب شاہ میں ہزارہ ایکسپریس کی 10 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، حادثے کے نتیجے میں20 افراد جاں بحق جبکہ 100 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نواب شاہ میں ہزارہ ایکسپریس کو یہ افسوسناک حادثہ سرہاری ریلوے اسٹیشن کے قریب پیش آیا۔ بوگیاں الٹ جانے کے باعث متعدد افراد زخمی اور جانی نقصان ہوا جنہیں بوگیوں سے نکالنے کا کام جاری ہے۔
ایس ایس پی سانگھڑ عابد بلوچ نے میڈیاکو بتایاکہ حادثے میں15افرادکےجاں بحق ہونےکی تصدیق ہوئی
جبکہ 50سے زائد زخمیوں کو نکال لیا گیا ہے،
انہوں نے کہا کہ مزید زخمیوں کونکالنے کا کام تیزی سے جاری ہے،بوگیوں کو ہٹانے کے لئے کرین طلب کرلی گئی ہے۔ تاہم زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جارہا ہے،ڈی سی سانگھڑ سمیت ضلعی انتظامیہ موقع پر پہنچ گئی ہے
کراچی سے جانے والی علامہ اقبال ایکسپریس کی دو بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں
حادثے سے قبل ہزارہ ایکسپریس کراچی سے سرگودھا کی جانب جارہی تھی۔ ریلوے کا عملہ اور مقامی افراد اپنی مدد آپ کے تحت بوگیوں میں پھنسے ہوئے افراد کو نکالنے کے کام میں مصروف ہیں۔
قریبی ہسپتالوں میں زخمیوں کو منتقل کرنے کا کام بھی جاری ہے۔ نواب شاہ کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
بوگیاں الٹنے کے باعث خواتین، بچوں اور بزرگوں کو نکالنے میں مشکلات درپیش ہیں۔ ڈی جی رینجرز سندھ کی ہدایت پر ٹرین میں پھنسے ہوئے مزید افراد کو نکالنے کیلئے تربیت یافتہ جوانوں کوجائے حادثہ کی جانب روانہ کردیا گیا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل پڈ عیدن کے قریب کراچی سے جانے والی علامہ اقبال ایکسپریس ٹرین کی 2 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں تاہم حادثے کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
گزشتہ روز کراچی سے سیالکوٹ جانے والی علامہ اقبال ایکسپریس کی 2 بوگیاں پڈ عیدن اور بھریاروڈ اسٹیشن کے مابین پٹڑی سے اتر جانے کے باعث ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہوگئی تھی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








