اسلام آباد: نئی مردم شماری کی بنیاد پر حلقہ بندیوں کیلئے الیکشن کمیشن کا اجلاس آج طلب کیا گیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر اجلاس کی صدارت کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے حلقہ بندیوں کیلئے اجلاس آج دن 11بجے طلب کیا ہے۔ الیکشن کمیشن نگراں حکومتوں کو الیکشن کیلئے بہترین ماحول مہیا کرنے کیلئے ہر سیاسی جماعت کو لیول پلیئنگ فیلڈ دینے کا حکم دے چکا ہے۔
نگران وزیراعظم کی ترقیاتی منصوبوں پر کام تیز کرنے کی ہدایت
نگراں حکومتوں کے قیام کے بعد عام انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن آف پاکستان کی اوّلین ترجیح ہے۔ الیکشن کمیشن نے اپنے حالیہ خط میں نگراں حکومتوں کو معاونت کی ہدایت کی تھی جبکہ سابق وفاقی و صوبائی وزرا کیلئے احکامات بھی جاری کیے گئے۔
الیکشن کمیشن کا اپنے خط میں سابق وزرائے اعلی، وزرا اور مشیران سے کہنا تھا کہ سرکاری گھر خالی کیے جائیں اور وزیر اعظم سمیت تمام عہدیداران سرکاری گاڑیاں بھی واپس کردیں۔ نگراں حکومتیں ملک کے روزمرہ معاملات جاری رکھیں۔
ایک اور خط میں الیکشن کمیشن نے سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور سندھ و بلوچستان کے چیف سیکریٹریز کو ہدایت کی کہ الیکشن کمیشن کی منظوری سے ان تمام انتظامی افسران کے تبادلے کیے جائیں جو انتخابات پر اثر انداز ہونے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








