اسلام آباد: امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن کی مبارکباد کا نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے خیرمقدم کیا ہے۔
نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کا اپنے ٹوئٹر پر دیئے پیغام میں کہنا تھا کہ امریکا کے ساتھ اپنی شراکت داری کو اہمیت دیتے ہیں،خطے میں خوشحالی،جمہوریت کیلیے مشترکہ عزم کی قدر کرتے ہیں۔
نگران وزیر اعظم نے کہا کہ آزادانہ اور منصفانہ انتخابی عمل کے لیے کام کریں گے۔ واضح رہے کہ امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے نگران وزیراعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ کو عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی ہے۔
اپنے ایک بیان میں امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن کا کہنا تھا کہ پاکستان آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کی تیاری کر رہاہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم آئین،آزادی اظہار،اقتصادی خوشحالی کیلئے مشترکہ عزم کو آگے بڑھاتے رہیں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے بھی کہا تھا کہ امریکہ نے سینیٹر انوار الحق کاکڑ کی پاکستان کے عبوری وزیر اعظم کے طور پر تقرری کو نوٹ کرتے ہوئے آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد سمیت باہمی دلچسپی کے شعبوں میں اپنی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
مزید پڑھیں:نگراں وزیراعظم کی وفاقی کابینہ کیلئے مشاورت مکمل، وزرا کے ناموں کا اعلان جلد متوقع
ترجمان کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ یقیناً، ہم پاکستان کے ساتھ باہمی دلچسپی کے شعبوں میں شراکت داری جاری رکھیں گے۔ امریکہ عبوری وزیر اعظم اور ان کی ٹیم کے ساتھ مل کر کام کرنے کا منتظر ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








