لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو ون ڈے انٹرنیشنل کی عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر مبارک بادپیش کی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے عالمی نمبر ایک رینکنگ افغانستان کے خلاف ون ڈے سیریز تین صفر سے جیتنے پر حاصل کی ہے۔
ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ یہ کارنامہ پاکستان ٹیم کی سخت محنت، لگن اور اتحاد کی عکاسی کرتا ہے کہ ہمارے باصلاحیت کرکٹرز کھیل پر کتنے فوکس ہیں۔ یہ ہم سب کے لیے قابل فخر موقع ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے ون ڈے انٹرنیشنل کی عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن دوبارہ حاصل کرلی ہے۔
ذکا اشرف نے پوری ٹیم اور کوچنگ اسٹاف کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان سب نے اپنی مشترکہ کوششوں اور محنت کے ذریعے پاکستان کا پرچم سر بلند کیا ہے۔
ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ ہمارے شائقین کا جوش و جذبہ کھلاڑیوں کے حوصلے بڑھانے کے سلسلے میں مثالی رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم کا عالمی نمبر ایک بننا اس کی جانب سے شائقین کی اسی محبت کا بھرپور جواب ہے۔
ذکا اشرف نے کہا کہ پاکستان ٹیم کو اب ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کھیلنا ہے، لہٰذا ہم پرعزم ہیں کہ اپنی اس پوزیشن کو برقرار رکھیں گے اور کھیل کے تمام فارمیٹس میں شاندار کارکردگی کو جاری رکھیں گے۔
مزید پڑھیں:تیسرے ون ڈے میں بھی افغانستان کو شکست، پاکستان عالمی رینکنگ میں نمبر ون بن گیا
ہمارا سفر ابھی شروع ہوا ہے اور انہیں امید ہے کہ کھلاڑیوں، مینجمنٹ اور شائقین کی مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں پاکستان ٹیم بلندیوں کو چھوئے گی اور قوم کو مزید شاندار کامیابیوں کی خوشیاں فراہم کرے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








