مزارِ قائد پر گارڈز تبدیلی کی پروقار تقریب، پاک فضائیہ کے کیڈٹس نے فرائض سنبھال لیے

تازہ ترین

تازہ ترین

کراچی: مزارِ قائد پر یومِ دفاع و شہدائے پاکستان کے موقعے پر گارڈز تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں پاک فضائیہ کے کیڈٹس نے اپنے فرائض سنبھال لیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق مزارِ قائد پر گارڈز تبدیلی کی پر وقار تقریب آج صبح منعقد ہوئی جس میں پاکستان ائیر فورس اکیڈمی اصغر خان کے کیڈٹس نے فرائضِ منصبی انتہائی خوش اسلوبی کے ساتھ سنبھال لیے۔

یہ بھی پڑھیں:

یومِ دفاع ملی جوش و جذبے سے آج منایا جارہا ہے

ائیر وائس مارشل غضنفر لطیف مزارِ قائد پر گارڈز تبدیلی کی پروقار تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ اس موقعے پر تلاوتِ کلامِ پاک پیش کرتے ہوئے روحِ قائد کے ایصالِ ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

دوسری جانب یومِ دفاع و شہدا کے موقعے پر نیول ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں یادگارِ شہدا پر پر وقار تقریب منعقد ہوئی۔ چیف آف نیول اسٹاف وائس ایڈمرل نوید اشرف تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔

چیف آف نیول اسٹاف وائس ایڈمرل نوید اشرف نے یادگارِ شہدا پر پھول چڑھائے اورفاتحہ خوانی کی۔ اس موقعے پر قوم کی ترقی و خوشحالی اور ملکی سرحدوں کی حفاظت کیلئے اللہ تعالیٰ سے خصوصی دعا کی گئی۔ 

خیال رہے کہ  ملک بھر میں یومِ دفاع و شہدائے پاکستان ملی جوش و جذبے اور یکجہتی کے ساتھ آج منایا جارہا ہے جس کا مقصد وطن پر جان لٹانے والے پاک فوج کے بہادر سپوتوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے۔

آج سے ٹھیک 58 برس پہلے 1965 کی جنگ میں پاک فوج نے دشمن کو شکستِ فاش دی، پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری سمجھنے والوں کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔

ہر سال کی طرح آج یومِ دفاع کے موقعے پر وفاقی و صوبائی دارالخلافوں میں دن کا آغاز توپوں کی سلامی سے ہوا۔ اسلام آباد میں 31 جبکہ صوبائی دارالخلافوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

 

Related Posts