الیکشن پی ٹی آئی چیئرمین کے بغیر بھی ہوسکتے ہیں، نگران وزیر اعظم

تازہ ترین

تازہ ترین

نگران وزیر اعظم
الیکشن پی ٹی آئی چیئرمین کے بغیر بھی ہوسکتے ہیں، نگران وزیر اعظم

لندن: نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ہونے والے الیکشن چیئرمین پی ٹی آئی یا جیل کاٹنے والے کارکنوں کے بغیر بھی ہوسکتے ہیں۔

نگران وزیراعظم کا امریکی خبر رساں ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میں شامل ہزاروں افراد جو غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث نہیں ہیں وہ الیکشن میں حصہ لے سکیں گے،جیل کاٹنے والے پی ٹی آئی ارکان توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ اگر کوئی قانون شکنی پر گرفت میں آیا ہے تو قانون کی بالادستی یقینی بنائیں گے، انتخابات فوج یا نگران حکومت نے نہیں الیکشن کمیشن نے کرانے ہیں،میں چیئرمین پی ٹی آئی سمیت کسی سیاست دان سے ذاتی انتقام پر عمل پیرا نہیں۔

نگران وزیراعظم نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کا تقرر چیئرمین پی ٹی آئی نے بطور وزیراعظم کیا تھا، چیف الیکشن کمشنر چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف کیوں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے عام انتخابات نئے سال میں ہوں گے، پی ٹی آئی کو جیتنے سے روکنے کے لئے انتخابات میں فوج کی جانب سے دھاندلی کی بات بیہودہ ہے۔

نگران وزیر اعظم نے کہا کہ الیکشن کی تاریخ کا اعلان ہوتے ہی وفاقی حکومت ہر طرح کا تعاون کرے گی، عدلیہ کے فیصلوں میں کسی قسم کی مداخلت نہیں کروں گا، عدلیہ کو کسی بھی سیاسی مقصد کے لئے استعمال نہیں ہونا چاہئے۔

انوارالحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی یا کسی بھی سیاست دان کی جانب سے قانون کی خلاف ورزی پر قانون کی بحالی یقینی بنائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں سول ملٹری تعلقات کے چیلنج کا سامنا رہتا ہے جس سے انکار نہیں، سول ملٹری تعلقات کے چیلنجز کی مختلف وجوہات ہیں، کئی دہائیوں کے دوران سول اداروں کی کارکردگی خراب ہوئی ہے، اس کا حل سویلین اداروں کی کارکردگی کو بتدریج بہتر بنانا ہے۔

مزید پڑھیں:پیپلز پارٹی اپنے مطالبے پر قائم، فیصل کریم کنڈی کا الیکشن کی تاریخ نہ ملنے پر احتجاج کا فیصلہ

نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فوج سے قریبی تعلق کی بات سیاست کا حصہ ہے، اس پر توجہ نہیں دیتا، فوج اور وفاقی حکومت کے درمیان تعلق بہت ہموار، کھلا اور شفاف ہے۔

Related Posts