راولپنڈی: سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر نے لاہور کا دورہ کیا، اپنے دورہ کے دوران وہ صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں شریک ہوئے۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق اجلاس کے دوران آرمی چیف کو صوبے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال، بشمول بجلی، گیس چوری، ذخیرہ اندوزی اور غیر ملکی کرنسی کی سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی بھی موجود تھے۔
فورم نے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی شہریوں کی وطن واپسی کا بھی جائزہ لیا،اجلاس کے شرکاء کو اقلیتوں کے تحفظ کے لیے کیے گئے اقدامات اور کچے کے علاقے میں جاری آپریشنز کی پیش رفت کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا
پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیوں کے نتیجے میں پاکستان کو مختلف طریقوں سے ہونے والے معاشی نقصانات سے نجات مل سکے گی۔
آرمی چیف نے اس بات پر زور دیا کہ غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کے خلاف قانون نافذ کرنے والے ادارے اور متعلقہ محکمے مل کر پوری قوت کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھیں۔
فورم کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) اور گرین پنجاب کے اقدامات کی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا، آرمی چیف نے ان تاریخی اقدامات کے سود مند اثرات کے لیے تمام متعلقہ محکموں کے درمیان ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا۔
مزید پڑھیں:آپﷺ نے ہمیشہ انسانیت کی خدمت کا درس دیا، آصف علی زرداری
آرمی چیف کی لاہور آمد پر کورکمانڈر لاہور نے ان کا استقبال کیا۔فورم کے شرکاء نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ریاستی ادارے، سرکاری محکمے اور عوام صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے متحد ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








