پاکستان میں زلزلے کی پیشگوئی، ایسی صورتحال میں اپنی حفاظت کیلئے کیا کرنا چاہیے؟

تازہ ترین

تازہ ترین

زلزلہ پیما ریسرچ انسٹیٹیوٹ سولر سسٹم جیومیٹری سروے (ایس ایس جی ایس) نے پاکستان میں آئندہ دو روز میں زلزلے کی پیش گوئی کردی۔

زلزلہ پیما ریسرچ انسٹیٹیوٹ سولر سسٹم جیومیٹری سروے (ایس ایس جی ایس) کے مطابق بلوچستان میں زیرِ زمین چمن فالٹ لائن میں تیز لرزش ریکارڈ کی گئی ہے اور اس علاقے میں اگلے دو دن میں کوئی طاقتور زلزلہ آسکتا ہے جس کی شدت 6 یا اُس سے زیادہ ہوسکتی ہے۔

ایس ایس جی ایس نے بتایا کہ سطح سمندر کے قریب فضا میں برقی چارج کے اتار چڑھاؤ کو ریکارڈ کیا گیا ہے جس کی وجہ سے نقشے میں جامنی رنگ والے علاقوں (بشمول پاکستان کے صوبہ بلوچستان) میں آئندہ چند روز میں طاقتور زلزلہ آسکتا ہے۔

ایس ایس جی ایس نے مزید بتایا کہ واضح کردہ یہ علاقے صرف ایک تخمینہ ہیں اور درست مقامات کا تعین کرنے کا فی الحال کوئی قابل اعتماد طریقہ نہیں ہے۔

یاد رہے کہ رواں سال نیدرلینڈز سے تعلق رکھنے والے تحقیق کار فرینک ہوگر بیٹس نے 3 فروری کو ایک ٹوئٹ کی تھی اور بتایا تھا کہ جلد یا بدیر جنوبی وسطی ترکیہ، اردن، شام اور لبنان میں 7 اعشاریہ 5 شدت کا زلزلہ آئے گا، ان کی زلزلے سے متعلق پیشگوئی 3 روز بعد ہی سچ ثابت ہوئی تھی۔

ترکیہ اور شام میں 6 فروری کو شدید ترین زلزلہ آیا تھا جس میں ہزاروں افراد ہلاک اور لاکھوں زخمی ہوئے تھے۔

زلزلہ آنے کی صورت میں کرنے والے کام

گیس، بجلی اور پانی کی لائنیں بند کرنے کی کوشش کریں کیونکہ ان کے پھٹنے کا احتمال ہوتا ہے جس سے نقصان ہو سکتا ہے۔

جب زلزلہ محسوس ہو تو کسی طور افراتفری کا شکار نہ ہوں پرسکون رہنے کی کوشش کریں۔

اگر آپ صحن میں ہیں تو دیواروں سے دور ہٹ جائیں تاہم اگر کمرے یا عمارت کے اندر ہوں تو کونے، دروازے کی چوکھٹ یا پھر سیڑھیوں کے نیچے چلے جائیں، جبکہ بڑی میز یا پلنگ وغیرہ کے نیچے بھی پناہ لی جا سکتی ہے۔ اس کا فائدہ یہ ہو گا کہ چیزیں گرنے سے آپ محفوظ رہیں گے۔

اگر آپ گاڑی میں سفر کر رہے ہیں تو فوری طور پر گاڑی روک دیں اور کوشش کریں کہ اس کے اندر ہی رہیں جب تک زلزلہ رک نہ جائے۔

آپ کے قریب کوئی میز نہیں تو کونے میں یا دروازے کی چوکھٹ کے درمیان ہاتھوں اور گھٹنوں کے بل بیٹھ کر گردن کو دونوں بازو لپیٹ کر محفوظ بنانے کی کوشش کریں۔

اگر بیڈ یا پلنگ موجود ہے تو سر کو سرہانے یا تکیے میں ڈھانپ لیں اور خود کو سمیٹ لیں تب تک اسی حالت میں رہیں جب تک جھٹکے رک نہ جائیں۔

کھڑکیوں اور شیشے کی کسی بھی چیز سے دور رہنے کی کوشش کریں۔

بڑی الیکٹرونکس اشیا، الماریوں اور لٹکی ہوئی چیزوں سے دور ہٹ جائیں۔

اگر زلزلے کے وقت باہر ہیں تو کوشش کریں کہ وہاں چلے جائیں جہاں عمارت، بجلی تاریں، درخت یا پھر کوئی دوسری رکاوٹ والی اشیا نہ ہوں۔

اگر آپ گاڑی میں ہیں اور بجلی کے تار گاڑی پر گرگئے ہیں تو قطعاً باہر نکلنے کی کوشش نہ کریں جب تک کوئی تربیت یافتہ شخص وہاں نہیں پہنچ جاتا

زلزلہ آنے کی صورت میں نہ کرنے والے کام

باہر بھاگنے کی کوشش نہ کریں کیونکہ اوپر سے گرنے والی چیزیں آپ کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔

زلزلے کے دوران ماچس کی تیلی، لائٹر یا کوئی بھی ایسی چیز جس سے شعلہ برامد ہو ہرگز استعمال نہ کریں۔

سیڑھیوں سے دور رہیں، جبکہ لفٹ تو ہرگز استعمال نہ کریں کیونکہ وہ کسی بھی وقت جام ہو سکتی ہیں۔

پلوں، انڈر، اووپاسز، ہورڈنگز وغیرہ سے دور رہیں۔

زلزلہ رکنے کے بعد کیا کرنا چاہئیے

جب جھٹکے بند ہو جائیں تو ارد گرد کا جائزہ لے کر اور ہر طرف دیکھ کر محفوظ راستہ ڈھونڈیں۔

اگر آپ پھنسے ہوئے ہیں تو حرکت نہ کریں کیونکہ اس طرح مزید پھنس سکتے ہیں

اگر آپ کے پاس موبائل ہے تو مدد کیلئے کسی کو کالز کریں، اگر بات نہیں ہو پاتی تو میسج کریں۔

ذہن میں رکھیے کہ زلزلہ گزر جانے کے بعد بھی آفٹرشاکس کا خدشہ رہتا ہے لہٰذا ایسی صورت کیلئے تیار رہیں۔

اگر عمارت کو نقصان پہنچا ہے اور بجلی کا مین سوئچ آن ہے تو اسے فوری طور پر بند کر دیں۔ اسی طرح گیس بھی بند کر دیں۔

اگر دیواروں کو نقصان پہنچا ہے تو ان سے دور رہیں، وہ آفٹرشاکس کی صورت میں گر سکتی ہیں۔

ضروری ہے کہ ہر گھر میں فرسٹ ایڈ بکس رکھا جائے اور ابتدائی طبی امداد کی تربیت بھی حاصل کی جائے۔

سب گھر والوں اور بچوں کو ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کی تربیت دلوائیں۔

Related Posts