ریڈ لائن کراس مت کرنا، اردن کا اسرائیل کو سخت انتباہ

تازہ ترین

تازہ ترین

اردن نے خبر دار کیا ہے کہ اسرائیل نے فلسطینیوں کو غزہ سے بے دخل کرنے کی کوشش کی تو اس کا مطلب خطے کو ایک بڑے تصادم میں میں دھکیلنا ہو گا۔

وزیر خارجہ اردن ایمن صفادی نے اپنے ایک بیان میں کہا اسرائیل غزہ کا فوجی محاصرہ کر کے انسانی بنیادوں پر غزہ کے مکینوں کو بھیجی جانے والی خوراک، ادویات اور دیگر انتہائی بنیادی ضرورتوں کی فراہمی میں رکاوٹ پیدا کر رہا ہے تاکہ اہل غزہ کو غزہ سے نکال باہر کرے۔ اسرائیل کی یہ کارروائیاں بین الاقوامی قوانین کی واضح خلاف ورزی ہیں۔

وقت آنے پر اسرائیل کیخلاف کارروائی کیلئے مکمل تیار ہیں، حزب اللہ

واضح رہے اسرائیل نے غزہ کے شمالی حصے کی ساری آبادی کو ہفتے کی صبح ڈیڈ لائن دی تھی کہ وہ غزہ سے نکل کر جنوب کی طرف نقل مکانی کر جائیں۔ توقع کی جارہی ہے کہ اسرائیل ایک اور بڑا حملہ کرنے والا ہے، البتہ یہ حملہ فضائی نہیں زمینی ہونے کی توقع ہے۔

ایمن صفادی نے کہا کہ اسرائیل کی حماس کے خلاف مہم درحقیقت عام اور معصوم شہریوں کے قتل عام کی کوشش ہے۔ اسرائیل کی اس مہم کے نتیجے میں بد امنی اور تباہی آئے گی اور اس کے نتیجے میں اسرائیل کو خود بھی تحفظ کے مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا۔

وزیر خارجہ اردن نے کینیڈین وزیر خارجہ کے ساتھ اپنی ملاقات کے بعد کہا غزہ میں اسرائیل کے ہاتھوں معصوم فلسطینی شہریوں کے قتل عام کے خطے اور دنیا کو مضمرات بھگتنا پڑیں گے۔

اس طرح کی بمباری، نقل مکانی کی کوشش اور قتل عام سے امن ملے گا نہ امن کا راستہ ملے گا۔ خیال رہے جاری جنگ کے بعد اردن کی طرف سے یہ سب سے زیادہ سخت زبان میں گفتگو سامنے آئی ہے۔

صفادی نے اسرائیل کی طرف سے فلسطینیوں کو اپنے گھر چھوڑ کر نقل مکانی پر مجبور کرنے کی کوشش کو ‘ریڈ لائن’ سے تعبیر کیا اور کہا اس سے خطہ جنگ کی جہنم میں تبدیل ہو جائے گا۔ اس لیے ہمیں اس پاگل پن کو ختم کرنا ہو گا، کیونکہ جنگ کا جاری رکھا جانا اسے کئی دوسرے محاذوں تک پھیلا دے گا۔ نتیجہ مزید تشدد اور تباہی ہو گا۔

Related Posts