حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل سید حسن نصراللہ فلسطینی گروپ حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ کے بعد پہلا عوامی خطاب کررہے ہیں۔
تمام ہی نظریں حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصراللہ کی تقریر پر لگی ہیں، ایک ایسی تقریر جس کا جائزہ لیا جائے گا کہ مستقبل میں اس گروپ کا اسرائیل غزہ جنگ میں کیا کردار ہوسکتا ہے۔
دوسری طرف لبنان اسرائیل سرحد پر شدید لڑائی جاری ہے۔ تقریر کے موقع پر حزب اللہ نے تین ہفتوں سے زائد عرصے کی لڑائی میں اب تک کا سب سے بڑا حملہ کرتے ہوئے کہا کہ اس نے اسرائیلی فوج کے ٹھکانوں پر بیک وقت 19 حملے کیے اور پہلی بار دھماکہ خیز ڈرونز کا استعمال کیا۔
خبررساں ادارے روئٹرز کے مطابق ایرانی حمایت یافتہ لبنان کی طاقتور فوجی قوت حزب اللہ سرحد پر اسرائیلی افواج سے رابطے میں ہے، جہاں 2006 میں اسرائیل کے ساتھ جنگ لڑنے کے بعد سے اب تک اس کے 55 جنگجو ہلاک ہو چکے ہیں۔
واضح رہے کہ حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل حسن نصراللہ جنگ کے آغاز کے بعد اپنی پہلی عوامی تقریر کر رہے ہیں جبکہ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کا حالیہ ہفتوں میں تیسرا دورہ اسرائیل ہے۔
الجزیرہ نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ 7 اکتوبر سے اب تک غزہ پر اسرائیلی حملوں میں 9,227 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ اسرائیل میں 1400 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








