عمران خان نے بڑا فیصلہ کر لیا۔ بیرسٹر گوہر خان کو پارٹی کا عبوری چیئرمین نامزد کیا گیا ہے جس کا حتمی فیصلہ آج 2 بجے سامنے آئے گا۔
پی ٹی آئی کے وکیل اور رہنما شیر افضل خان مروت نے نجی ٹی وی پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے عبوری چیئرمین کیلئے بیرسٹر گوہر خان کو نامزد کیا ہے جو عبوری چیئرمین بنیں گے۔
سیاسی مشاورت
گفتگو کے دوران شیر افضل مروت نے کہا کہ عمران خان سے چار پانچ دوست ملاقات کیلئے گئے تھے، سینیٹر علی ظفر انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کے حق میں تھے جس پر عمران خان نے بیرسٹر گوہر خان کے نام پر اتفاق کیا۔
آج دوپہر 2 بجے عبوری چیئرمین کے نام کا حتمی اعلان ہوگا تاہم اصل چیئرمین عمران خان ہی رہیں گے۔ چیئرمین کا فیصلہ عارضی سطح پر کر رہے ہیں۔ مجھے ذمہ داری دی گئی ہے کہ ملک بھر میں پی ٹی آئی کی انتخابی مہم چلاؤں۔
سابقہ گفتگو
گزشتہ روز نجی ٹی وی کی جانب سے رابطہ کرنے پر بیرسٹر گوہر خان نے عمران خان کی جگہ عارضی و عبوری چیئرمین بننے کی تصدیق یا تردید نہیں کی۔ عمران خان قانونی قدغن کے باعث الیکشن میں حصہ نہیں لیں گے۔
فوکل پرسن عمران خان، عمیر نیازی کا گزشتہ روز کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا نیا چیئرمین تحریکِ انصاف کے وکیل کو مقرر کیا جائے گا۔
پی ٹی آئی کا سیاسی مستقبل
بطور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے طویل عرصے تک تحریکِ انصاف کی باگ ڈور سنبھالی اور 2018ء کے عام انتخابات میں پہلی بار ملک کے وزیر اعظم کا منصب سنبھالا جس کے بعد توقع کی جارہی تھی کہ عمران خان اگلی بار الیکشن میں حصہ ضرور لیں گے۔
تاہم مسلسل مقدمات، بدعنوانی اور کرپشن کے الزامات اور دیگر قانونی پیچیدگیوں کے باعث عمران خان نے بیرسٹر گوہر خان کو عارضی طور پر قیادت سونپ دی جس سے پارٹی کا سیاسی مستقبل مشکوک جبکہ عمران خان کے بغیر پی ٹی آئی کا سیاسی وجود خطرات سے دوچار نظر آتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








