کراچی عائشہ منزل پر شاپنگ مال میں خطرناک آتشزدگی

تازہ ترین

تازہ ترین

کراچی کے علاقے عائشہ منزل کے قریب عرشی مال کی دکانوں میں آگ لگ گئی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے رہائشی فلیٹوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا، آتشزدگی کے باعث 2 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔

 شہر قائد کے علاقے عائشہ منزل کے قریب عرشی شاپنگ مال میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا، جہاں آگ نے گراؤنڈ فلور پر متعدد دکانوں اور عمارت کی بالائی منازل کو لپیٹ میں لے لیا۔

آتشزدگی کے باعث دکانوں کے قریب کھڑی گاڑی اور درخت بھی آگ کی لپیٹ میں آگئے جبکہ درجنوں موٹرسائیکلیں جل کر خاکستر ہوگئیں۔

حماس مدد کیلئے پاکستان کی طرف دیکھنے لگی

مال میں میٹریس اور گدوں کی دکانیں موجود تھیں جس کے باعث آگ تیزی سے پھیلی جبکہ فائر بریگیڈ کی 7 گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔

ایس ایس پی کے مطابق دکانوں میں لگنے والی آگ اوپر عمارت تک جاپہنچی، عمارت میں موجود افراد کو پولیس نکال رہی ہے۔

عمارت میں پھنسے ہوئے افراد کو باہر نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے جبکہ رینجرز اور پولیس کی نفری جائے وقوع پر موجود ہے۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آگ کی شدت فوم کی وجہ سے بڑھ رہی ہے، 7 فائر ٹینڈرز، ایک اسنار کل اور باؤزر موقع پر موجود ہے، عمارت میں پھنسے افراد کو ریسکیو کیا جارہا ہے۔

واٹر کارپوریشن کے نیپا اور سخی حسن ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، واٹر کارپوریشن کا کہنا ہے کہ حادثے کے مقام پر پانی کے ٹینکرز روانہ کر دیے گئے ہیں۔

ریسکیو حکام نے بتایا کہ آگ سے جھلس کر 2 افراد زخمی ہوگئے، جنہیں سول اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ برنس وارڈ سول اسپتال میں ایک زخمی کو منتقل کیا گیا۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق متاثرہ شخص 100فیصد جھلسا ہوا ہے، زخمی کی حالت انتہائی تشویشناک ہے، زخمی کی شناخت تاحال نہیں کی جاسکی۔

ملحقہ عمارت میں پھنسے افراد کو نکالا جارہا ہے، ریسکیو 1122 کی بھی 3 گاڑیاں آگ پر قابو پانے میں مصروف ہیں، ریسکیو 1122 کے 40 رضاکار آپریشن میں شریک ہیں۔

عینی شاہدین کے مطابق بیشتر افراد اپنی مدد آپ کے تحت عمارے سے نکلے۔

چیف فائر بریگیڈ آفیسر اشتیاق احمد کے مطابق آگ 5 بج کر47 منٹ پر لگی۔

ایس ایس پی سینٹرل فیصل عبداللہ چاچڑ کے مطابق آگ ابتدائی طور پر ایک فوم ( بیڈ میٹریس) فروخت کرنے والی دکان میں لگی، آس پاس کی دکانیں بھی اسی کاروبار کی ہیں، جس کی وجہ سے آگ کی شدت میں اضافہ ہوا۔

آگ لگنے کے بعد فائربریگیڈ کو پہنچنے میں ایک سے ڈیڑھ گھنٹہ لگا جس کی وجہ سے آگ مزید پھیل گئی۔

Related Posts