کراچی: محمد شبیر نے 13ویں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اوپن گالف چیمپئن شپ جیت لی۔ چیمپئن شپ کی اختتامی اور تقسیم انعامات کی تقریب کراچی گالف کلب میں منعقد ہوئی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پریذیڈنٹ سروسز اسپورٹس کنٹرول بورڈ، رئیر ایڈمرل عبد الباسط نے چیمپئن شپ کے عمدہ انعقاد پر کراچی گالف کلب کے اسٹاف اور منتظمین کی انتھک کوششوں کو سراہتے ہوئے فاتحین کو ان کی شاندار کامیابی پر مبارکباد دی۔
انھوں نے اس کھیل کے اعلیٰ معیار کی بھی تعریف کی جو گالف کے شرکاء کے لیے دلچسپ اور معیاری تفریح ثابت ہوئی۔ مزید برآں، انہوں نے گالف کے کھیل اور چیمپئن شپ کے انعقاد میں معاونت کرنے پر اسپانسرز کا بھی شکریہ ادا کیا۔
جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹرز اور پاک بحریہ کے تعاون سے 9 دسمبر سے 12 دسمبر 23 تک منعقد ہونے والی چار روزہ گالف چیمپئن شپ گالف کے حلقوں میں ایک اہم تقریب بن چکی ہے۔
اس سال گالف چیمپئن شپ کی پروفیشنلز کیٹیگری کے 72 ہولز، سینیئر اور جونیئر پروفیشنلز کے 36 ہولز،امیچورز اور لیڈیز کے 54 ہولز اور جونیئرز کیٹیگری کے 18 ہولز میچز کے مقابلے ہوئے۔
یہ ایونٹ ملک کا سب سے زیادہ انعامی رقم والا گالف ایونٹ ہے جس میں ملک کے مختلف حصوں سے 400 سے زائد گالفرز نے شرکت کی۔ تقریب میں سول و ملٹری افسران، اسپانسرز، گالف کے کھلاڑیوں اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








