مولانا فضل الرحمن کابل پہنچ گئے

تازہ ترین

تازہ ترین

جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمن اپنے وفد کے ہمراہ افغانستان کے دورے پر کابل پہنچ گئے ہیں۔

افغان ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمن جو پاکستان سے بذریعہ جہاز افغانستان روانہ ہوئے تھے، اتوار کی سہ پہر گئے افغان دار الحکومت کابل پہنچ گئے، جہاں طالبان حکام نے ان کا استقبال کیا۔

ترجمان جے یو آئی اسلم غوری کا کہنا ہے مولانا فضل الرحمان کے ہمراہ پارٹی رہنماؤں پر مشتمل وفد بھی افغانستان کے لیے روانہ ہوا ہے، مولانا فضل الرحمان افغان حکومت کی خصوصی دعوت پر افغانستان گئے ہیں، دورے میں خطے میں امن وامان کی صورتحال پر بات چیت ہو گی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے ہمراہ مولانا عبدالواسع، طالبان کی صفوں میں احترام رکھنے والے مرحوم مفتی نظام الدین شامزئی کے بیٹے مولانا سلیم الدین شامزئی، مولانا امداد اللہ، دارالعلوم حقانیہ کے استاذ الحدیث مولانا ادریس حقانی، مولانا صلاح الدین ایوبی، مفتی ابرار اور جنوبی وزیرستان سے سابق رکن اسمبلی مولانا جمال الدین محسود بھی افغانسان جانے والوں میں شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان کی افغان عبوری حکومت کے حکام اور افغان علماء کرام سے ملاقاتیں ہوں گی، دورے میں پاک افغان تعلقات اور دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا اور افغان حکام سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان سمیت دیگر امور پر بھی بات چیت کی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان میں موجود دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کا معاملہ بھی زیر بحث آئے گا اور افغان سرزمین کے پاکستان کےخلاف مسلسل استعمال پر بھی بات ہو گی۔

Related Posts