کراچی میں پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹبل ایکسپورٹرز، امپورٹرز اینڈ مرچنٹس ایسوسی ایشن(پی ایف وی اے) کے تحت40ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ افسران کیلئے پھلوں اور سبزیوں کی برآمدات پر تعارفی سیشن منعقد ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ایف وی اے کے تحت پاکستان کے سفارتخانوں، ہائی کمشنز اور قونصلیت میں تعینات کیے جانے والے 40نئے ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ افسران کو پھل اور سبزیوں کی ایکسپورٹ میں اضافہ کے امکانات اور چیلنجز سے آگاہ کرنے کیلئے تعارفی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ پی ایف وی اے کے پیٹرن انچیف وحید احمد نے اپنے تعارفی کلمات میں پھل سبزیوں اور ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی ایکسپورٹ کی راہ میں حائل بنیادی رکاوٹوں پر روشنی ڈالی۔
پیٹرن انچیف وحید احمد نے ایکسپورٹ کے چیلنجز کا ذکر کیا جن میں ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ، نئی ورائٹیز، معیار کو بہتر بنانے، قرنطینہ مسائل کے خاتمے اور مصنوعات کی شیلف لائف بڑھانا شامل ہے، اس کے علاوہ ایکسپورٹ بڑھانے اور انٹرنیشنل مارکیٹ میں پاکستانی ایکسپورٹرز اور پروڈیوسرز کے روابط کو فروغ دینے میں ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ افسران کے کردار کو اہم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹ بڑھانے کے لیے مارکیٹ ریسرچ اور انٹلی جنس کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔
وحید احمد نے کہا کہ ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ افسران نئی مارکیٹس کی نشاندہی کرے ہوئے ان مارکیٹس میں طلب، مسابقت، درآمدی ریگولیشنز اور صارفین کی ترجیحات کے بارے میں ایکسپورٹرز کو معلومات مہیا کرکے اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ اینڈ انویسٹمنٹ افسران پاکستان کی ایکسپورٹ بڑھانے کے لیے ٹریڈ سہولتوں کے ساتھ امپورٹ مارکیٹ میں ڈسٹری بیوشن کے لیے ممکنہ امکانات کی نشاندہی کریں اور امپورٹرز کے ساتھ ایکسپورٹرز کے روابط بڑھانے میں مدد دیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پھل اور سبزیوں کے معیار اور حفاظتی معیارات کی پاسداری کو تجارتی سودے بازی کیلئے بنیاد بنایا جاسکتا ہے۔ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے پلانٹ پروٹیکشن ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر ٹیکنیکل ڈاکٹر محمد طارق خان نے قرنطینہ، سینٹری اور فائیٹو سینٹری کمپلائنس سے متعلق مسائل پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ افسران کو قرنطینہ سے متعلق کمپلائنس اور نئی منڈیوں کی تلاش کرنا ہوگی۔
ڈائریکٹر ٹیکنیکل ڈاکٹرمحمد طارق خان نے افسران پر زور دیا کہ جن ملکوں میں انہیں تعینات کیا جارہا ہے، ان کے قومی پلانٹ پروٹیکشن ڈپارٹمنٹ کا پاکستان کے پلانٹ پروٹیکشن ڈپارٹمنٹ کے ساتھ رابطہ بڑھانے میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ قرنطینہ سے متعلق کمپلائنس اور نئی منڈیوں کی تلاش کو مؤثر بنایا جاسکے۔ وحید احمد اور طارق خان نے ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ افسران کے سوالوں کے جوابات بھی دیئے۔
اختتامی کلمات میں چیئرمین پی ایف وی اے عبدالمالک نے نو تقرر شدہ ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ افسران کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اپنی تقرری کے دوران پاکستان کی برآمدات بالخصوص پھل سبزیوں اور ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی ایکسپورٹ بڑھانے میں فعال کردار ادا کریں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








