تل ابیب: اسرائیل کے وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے حملوں کے بعد فلسطینی ریاست کے قیام کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ جنگ کے بعد دریائے اردن تک کا علاقہ اسرائیلی کنٹرول میں ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے اپنے ایک بیان میں غزہ جنگ کے بعد فلسطینی ریاست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ جنگ کے بعد دریائے اردن کے مغرب کا تمام علاقہ ہمارے کنٹرول میں ہوگا۔
قبل ازیں فلسطین کے دو ریاستی حل کیلئے فریقین کو منانے، اسرائیلی حملوں کی حمایت اور ہتھیاروں کی فراہمی پر کثیر سرمایہ خرچ کرنے والے امریکا نے نیتن یاہو کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ دوریاستی حل کیلئے کام جاری رکھیں گے۔
ترجمان وائٹ ہاؤس نے کہا کہ غزہ جنگ ختم ہونے کے بعد اسرائیل کے غزہ پر قبضے کا کوئی جواز نہیں ہے۔ وائٹ ہاؤس کے مشیر قومی سلامتی جان کربی نے کہا کہ جنگ کے خاتمے کے بعد غزہ آزاد ہوگا، علاقے پر دوبارہ قبضہ نہیں کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ اسرائیل نے گزشتہ برس 7اکتوبر سے جاری وحشیانہ بمباری اور حملوں کے دوران غزہ کے 24 ہزار سے زائد مظلوم فلسطینیوں کو شہید جبکہ 60 ہزار سے زائد کو زخمی کردیا جن میں سے 50 فیصد خواتین اور بچے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








