اسلام آباد: حکومت سازی کیلئے جوڑ توڑ کا سلسلہ جاری ہے، ن لیگ رہنماؤں نواز شریف اور شہباز شریف نے پیپلز پارٹی سمیت دیگر جماعتوں کے رہنماؤں سے رابطے اور ملاقاتیں کی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق حکومت سازی کیلئے جوڑ توڑ اور رابطوں کا سلسلہ جاری ہے۔ سابق وزیراعظم شہباز شریف نے بلاول بھٹو زرداری اور آصف زرداری سے ملاقات کے دوران حکومت سازی کیلئے پیپلز پارٹی سے تعاون کی درخواست کردی۔
پی پی پی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای ای) ن لیگ کی جانب سے حکومت سازی میں تعاون کے تبادلے میں کی گئی پیشکش پر آج فیصلہ کرے گی۔ چوتھی بار ملک کے وزیر اعظم بننے کیلئے امیدوار نواز شریف اور چوہدری شجاعت کی ملاقات آج ہوگی۔
متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) نے حکومت سازی کیلئے تعاون کی درخواست کے جواب میں اپنی شرائط نواز شریف کے سامنے رکھ دیں۔ مسلم لیگ (ن) وفاق کے ساتھ ساتھ پنجاب میں حکومت بنانے کیلئے بھی سب سے زیادہ نشستوں کی دعویدار ہے۔
سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی جبکہ خیبر پختونخوا میں تحریکِ انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں کو اکثریت حاصل ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے رابطوں اور ملاقاتوں کا سلسلہ تیز کردیا گیا۔ آئندہ آنے والے کچھ ہی دنوں میں حکومت سازی پر پیشرفت متوقع ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








