پاکستان پیپلزپارٹی نے اعلان کیا ہے کہ حکومت سازی میں ن لیگ کا ساتھ دیں گے مگر حکومت میں شامل نہیں ہوں گے۔
پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹوکمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا تھاکہ پیپلزپارٹی کی سی ای سی کا دو روزہ اجلاس آج ختم ہوا، ہمیں پاکستان کا ساتھ دینا ہے، پاکستان کومستحکم بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کووفاق میں حکومت بنانے کا مینڈیٹ نہیں، ہمیں مینڈیٹ نہیں ملا اس لیے میں وزارت عظمیٰ کا امیدوار بھی نہیں ہوں۔
ان کا کہنا تھاکہ ہم مرکز میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں نہیں ہیں، پی ٹی آئی کہہ چکی کہ وہ پیپلزپارٹی سےکوئی بات چیت نہیں کریگی، ن لیگ واحد جماعت ہے جس نے ہمیں مرکز میں حکومت میں شمولیت کی دعوت دی۔
بلاول کا کہنا تھاکہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم اس پوزیشن میں نہیں ہیں کہ وفاقی حکومت کا حصہ بنیں، ہم وفاقی حکومت میں وزارتیں نہیں لیں گے لیکن ن لیگ کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار کو ووٹ دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم 18 ماہ ن لیگ کی حکومت کا حصہ رہے جس میں پارٹی کو شکایات ہوئیں لیکن چاہتے ہیں حکومت سازی جلد مکمل ہو اور ملک بحران سے نکلے، نہیں چاہتے کہ ملک کو ایک اور الیکشن کی طرف جانا پڑے۔
پی پی چیئرمین کا کہنا تھاکہ عوام نے الیکشن میں حصہ لیا، عوام اب مزید سیاسی عدم استحکام نہیں چاہتے، سی ای سی اراکین نے ن لیگ کے حوالے سےکافی اعترضات کا اظہارکیا، انتخابات کے نتائج کو احتجاج کے ساتھ قبول کریں گے، سی ای سی میں لوگوں نے بتایا کہ 18 ماہ میں ہمارے کام نہیں ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ آصف زرداری اس ملک کے صدر بنیں، ملک میں اس وقت ایک آگ پھیلی ہوئی ہے، ملک جل رہا ہے، خواہش ہے آصف زرداری صدر بنیں اور اس آگ کو بجھائیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








