خیرپور، سندھ میں تیل اور گیس کے نئے ذخائر دریافت

تازہ ترین

تازہ ترین

کراچی: سندھ کے تاریخی شہر خیرپور سے تیل اور گیس کے نئے ذخائر دریافت ہوئے ہیں جس سے ملک بھر میں توانائی کے بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

تفصیلات کے مطابق او جی ڈی سی ایل (آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی) نے سندھ میں تیل اور گیس کے نئے ذخائر کی دریافت کی خوشخبری سناتے ہوئے اپنے اعلامیے میں کہا کہ سندھ کے ضلع خیرپور سے گیس اور تیل کے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔

آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی کا کہنا ہے کہ خیرو ویل 1 کی 3 ہزار 762 میٹر تک کھدائی سے آئل اور گیس کے نئے ذخائر دریافت ہوئے جہاں سے ابتدائی طور پر یومیہ 1 کروڑ 43لاکھ مکعب گیس ملنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

او جی ڈی سی ایل کے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ نئے آئل اور گیس ذخائر سے یومیہ 93 بیرل خام تیل کا حصول بھی ممکن ہوسکے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ نئے ذخائر کی دریافت ملک کو توانائی کے بحران پر قابو پانے میں مدد دے گی۔ 

یاد رہے کہ اس سے قبل ماڑی پیٹرولیم اور پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ نے بلوچستان اور سندھ میں گیس اور تیل کے نئے ذخائر دریافت کرنے کا اعلان کیا تھا۔

آج سے 3 روز قبل ماڑی پیٹرولیم نے اعلامیے میں بتایا کہ بلوچستان کے ضلع کوہلو میں ابتدائی تخمینے کے مطابق یومیہ 64لاکھ مکعب فٹ تک گیس حاصل ہوگی، گیس دریافت کے لیے 2516 میٹر تک کنویں کی کھدائی کی گئی۔

Related Posts