کراچی کے علاقے بھٹائی آباد میں معمولی تنازعے پر فائرنگ کے نتیجے میں یوسی چیئرمین صابر مگسی جاں بحق ہو گئے ہیں۔مقتول کا تعلق پیپلز پارٹی سے تھا۔
تفصیلات کے مطابق بھٹائی آباد کے علاقے میں بچوں کی لڑائی پر دو گروہوں کے مابین فائرنگ شروع ہوگئی جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہوگئے۔
بھٹائی آباد پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق شخص کو صابر مگسی کے نام سے شناخت کیا گیا جو یوسی 9 میں پیپلز پارٹی کا چیئرمین تھا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر کارروائی کی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ریسکیو اہلکار اور پولیس کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمی افراد اور جاں بحق شخص کی میت کو ہسپتال منتقل کیا۔ مقتول شادی شدہ تھا۔
اس حوالے سے کونسلر یوسی 9 شوکت نذیر نے کہا کہ صابر مگسی 2 بچوں کا باپ تھا جسے بہیمانہ انداز میں قتل کردیا گیا۔ مقتول واقعے سے کچھ دیر قبل میرے ہی ساتھ تھا۔
شوکت نذیر کا کہنا ہے مقتول 2 بچوں کا باپ تھا جسے فائرنگ کے دوران گردن پر گولی لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔ فائرنگ بچوں کی لڑائی کے باعث شروع ہوئی تھی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








