پاکستانی ڈاکٹروں کیلئے دنیا بھر میں ملازمتوں کے مواقع کھل گئے

تازہ ترین

تازہ ترین

 پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے اہم سنگ میل عبور کرلیا۔ پاکستانی ڈاکٹر اب بہ آسانی دنیا بھر میں ملازمتیں حاصل کرسکیں گے۔

پی ایم ڈی سی نے آخر کار ورلڈ فیڈریشن فار میڈیکل ایجوکیشن (ڈبلیو ایف ایم ای) سے ایکریڈیشن کے حصول میں کامیابی حاصل کرلی۔

ایکس پر ایک بیان میں پی ایم ڈی سی نے کہا کہ یہ اقدام پاکستان کے اندر طبی تعلیم کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنانے کے لیے پی ایم اینڈ ڈی سی کے عزم کو واضح کرتا ہے۔

 تازہ ترین پیش رفت نے تمام پاکستانی طلباء کے لیے امتحانات کے لیے درخواست دینے کا دروازہ کھول دیا ہے۔

اس منظوری کے بعد پاکستان کے میڈیکل گریجویٹس امریکہ، کینیڈا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ جیسے ممالک میں مزید تربیت اور پیشہ ورانہ تعلیم کیلئے اہل ہوں گے۔

پی ایم ڈی سی نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم ڈبلیو ایف ایم ای کی طرف سے پذیرائی حاصل کرنے پر بہت پرجوش ہیں، جو ملک میں طبی تعلیم کے معیار کو بلند کرنے کی ہماری مسلسل کوششوں کا ثبوت ہے۔

 پی ایم اینڈ ڈی سی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج نے کہا کہ یہ پیشرفت کامیابی کی نئی راہیں کھولے گی اور اس بات کا مظہرہے کہ ہمارے میڈیکل گریجویٹس صحت کی دیکھ بھال کے بین الاقوامی معیارات پر پورا اترتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈبلیو ایف ایم ای کا اعتراف اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ پاکستان میں طبی تعلیم کا معیار عالمی معیارات کے مطابق ہے۔

Related Posts