معروف بھارتی اداکار عامر خان کی سابق اہلیہ کرن راؤ کا کہنا ہے کہ ہم دونوں میں اختلافات ضرور ہوئے لیکن میری اور عامر خان کی کبھی کوئی لڑائی نہیں ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق 2005 میں عامر خان سے شادی کرنے والی بالی ووڈ فلمساز 2021 میں علیحدگی کے بعد خبروں کی زینت بنیں، کرن راؤ نے حالیہ انٹرویو کے دوران کہا کہ ہمارے درمیان کوئی ایسی لڑائی کبھی نہیں ہوئی جسے لڑائی کہا جائے۔
انٹرویو کے دوران کرن راؤنے کہا کہ ہم ایک دوسرے کی بہت عزت کرتے ہیں۔ ایک دوسرے کو بہت اچھی طرح سمجھتے ہیں اور ہم دونوں میں ہی اتنا غرور نہیں تھا کہ ایک دوسرے سے اتفاق ہی نہ کرتے اور یہی اس شادی کا فائدہ بھی تھا۔
خیال رہے کہ کرن راؤ نے لاپتہ لیڈیز نامی فلم سے 13 سال بعد بالی ووڈ میں ایک بار پھر قدم رکھا ہے جسے وہ عامر خان کے ساتھ مشترکہ طور پر پروڈیوس کررہی ہیں۔ فلم کے ستاروں میں نتانشی گویال، پراتیبھا رانتا اور سپارس شریواستو شامل ہیں۔
کرن راؤ کا کہنا ہے کہ عامر خان نے بھی اس رول کیلئے آڈیشن دیا تھا جو اب بالی ووڈ اداکار روی کشن کر رہے ہیں۔ روی کشن کی آڈیشن ٹیپ دیکھنے کے بعد عامر خان اور کرن راؤ دونوں نے کہا کہ منوہر کے کردار کے ساتھ روی کشن ہی انصاف کریں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








