بلوچستان اور خیبر پختونخوا اسمبلی کے اراکین کی حلف برداری آج ہوگی، آج ہونے والے اسمبلی اجلاسوں میں نومنتخب اراکین حلف اٹھائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق اسپیکر کے پی کے اسمبلی مشتاق غنی اور بلوچستان میں نومنتخب رکن زمرک خان اچکزئی بطور پریزائڈنگ آفیسر اراکینِ اسمبلی سے حلف لینے کیلئے تیار ہیں۔ تاحال دونوں اسمبلیوں کے اسپیکر یا ڈپٹی اسپیکر کے امیدوار سامنے نہیں آسکے۔
خیبر پختونخوا اسمبلی میں سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں دئیے جانے کا فیصلہ نہ ہوسکا، خواتین کی 21اور اقلیتوں کی 4نشستیں خالی رہیں گی۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) اور ن لیگ کی 2، 2 خواتین اور پی پی پی کی 1 خاتون مخصوص نشست کا حلف اٹھائیں گی۔
اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کیلئے کاغذاتِ نامزدگی حلف برداری کے بعد جمع کرائے جاسکیں گے۔ انتخابات اگلے روز ہوں گے جبکہ جمعہ کے روز اراکینِ اسمبلی قائدِ ایوان کا انتخاب عمل میں لائیں گے۔ بلوچستان اسمبلی اجلاس کیلئے بھی انتظامات اور تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔
آج سہ پہر 3بجے ہونے والے بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں 65 میں سے 62 کامیاب اراکین حلف اٹھائیں گے۔ تاحال 3 اراکینِ اسمبلی کے نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوسکے۔ اسپیکر بلوچستان اسمبلی جان محمد جلالی نے طبیعت ناسازی کے باعث اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








