واشنگٹن: امریکا کا کہنا ہے کہ ہمارے منصوبوں سے پاکستان کی بجلی کی صلاحیت میں نہ صرف اضافہ ہوا بلکہ آج 5کروڑ سے زائد پاکستانیوں کے گھروں کو بجلی مہیا کی جارہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران امریکی محکمۂ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر مذاکرات جاری ہیں، تاہم نجی سفارتی گفتگو پر تبصرہ نہیں کریں گے۔ پاکستان کی مدد ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔
بریفنگ کے دوران ترجمان امریکی محکمۂ خارجہ نے کہا کہ امریکا نے پاکستان میں توانائی کی صلاحیت میں 4000میگا واٹ تک اضافہ کرنے میں مدد کی۔ امریکی منصوبوں کی مدد سے ہی پاکستان میں 5 کروڑ سے زائد شہریوں کو بجلی مہیا ہورہی ہے۔ امریکا اور پاکستان گرین الائنس کر رہے ہیں۔
ترجمان امریکی محکمۂ خارجہ نے پاکستان میں شروع کیے جانے والے امریکی منصوبوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکا ماحولیاتی چیلنجز کا مل کر سامنا کر رہے ہیں۔ دونوں ممالک قابلِ تجدید توانائی اور اسمارٹ زراعت پر بھی مشتترکہ طور پر کام کررہے ہیں۔
قبل ازیں کابینہ کی توانائی کمیٹی نے پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کی منظوری دی جس کے پہلے مرحلے میں 80 کلومیٹر کی پائپ لائن تعمیر ہوگی جو پاکستان اپنی سرزمین پر بچھائے گا۔ پائپ لائن ایرانی سرحد سے گوادر تک جائے گی۔
مذکورہ منصوبہ آئندہ 1 سال میں مکمل کرنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ پائپ لائن بچھانے پر15 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز لاگت آئے گی جس کیلئے فنڈز جی آئی ڈی سی سے فراہم کیے جائیں گے۔ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ ملک میں توانائی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے اہم اقدام کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








