قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر اپنی زندگی میں پہلی بار ایک خوبصورت بیٹی کے والد بن گئے ہیں۔ بیٹی کی پیدائش شادی کے 9سال بعد ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی ایکسپریس کہلانے والے دنیا کے تیز ترین بولر شعیب اختر نے بیٹی کی تصویر گزشتہ روز اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر کی جس پر مداحوں نے شعیب اختر کو مبارکباد دی۔
قبل ازیں شعیب اختر کے ہاں 2 بیٹوں مجدد اور میکائیل کی پیدائش ہوئی۔ سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کا کہنا ہے کہ میکائیل اور مجدد کی اب ایک بہن بھی آگئی ہے، اللہ نے ہمیں پیاری سی بیٹی سے نوازا۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی پوسٹ میں شعیب اختر نے کہا کہ بیٹی کا نام نورِ علی اختر رکھا ہے، جس کی پیدائش 19 شعبان 1445 ہجری کو نمازِ جمعہ کے وقت ہوئی۔
خیال رہے کہ شعیب اختر نے 11نومبر 2014 کو رباب خان سے شادی کی اور نومبر 2016 میں انہوں نے اپنے پہلے بیٹے میکائیل علی کو دنیا میں خوش آمدید کہا۔ دوسرے بیٹے مجدد کی پیدائش جولائی 2019 میں ہوئی تھی۔
ماضی میں کرکٹر بننے سے قبل شعیب اختر نے سخت جدوجہد کی، 90ء کی دہائی میں پی سی بی کے ماجد خان کی نظر شعیب اختر پر پڑی اور شعیب اختر 1996ء کی انگلینڈ جانے والی پاکستان اے ٹیم کا حصہ بن گئے۔
بعد ازاں شعیب اختر کو ویسٹ انڈیز کے خلاف 1996 میں ٹیسٹ کیپ پہنائی گئی اور انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنا 1997 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ہی شروع کیا اور اس کے بعد شعیب اختر قومی ٹیم کا لازمی حصہ بنتے چلے گئے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








