لاکھوں ڈالر فراڈ میں ملوث پاکستانی خاتون ترکیہ میں گرفتار

تازہ ترین

تازہ ترین

ترکیہ میں متعدد لوگوں کے ساتھ لاکھوں ڈالر کے فراڈ میں ملوث پاکستانی سوشل میڈیا انفلوئنسر خاتون کو ملک سے فرار ہونے کی کوشش کے دوران گرفتار کرلیا گیا۔

ترک میڈیا کے مطابق سمیرا حیدر نامی سوشل انفلوئنسر خاتون جو کافی عرصے سے ترکیہ میں مقیم تھیں اور خود کو بزنس وومن باور کرکے اس نے لوگوں کو مرعوب کر رکھا تھا، آخر میں ایک فراڈی ثابت ہوئیں اور پھر ترک پولیس کی طرف سے گھیرا تنگ ہونے کا احساس ہوتے ہی ترکیہ سے فرار کی کوشش میں دھرلی گئیں۔

ترک میڈیا کے مطابق سمیرا حیدر نامی خاتون حالیہ دنوں ترکیہ کے شہر انطالیہ میں مقیم تھیں اور سوشل میڈیا پر خود کو بزنس وومن کے ساتھ ساتھ مقامی ترک اداروں میں بڑا اثر رسوخ کی حامل بتلا کر لوگوں سے پیسے بٹورنے میں ملوث تھیں۔

ذرائع کے مطابق سمیرا حیدر خود غیر قانونی طریقے سے ترکیہ میں داخل ہوئی تھیں، جہاں بعد ازاں اس نے سوشل میڈیا کا سہارا لیکر خود کو ویل سیٹلڈ اور دولت مند خاتون کے طور پر پیش کرنا شروع کردیا۔

وہ یہ دعویٰ بھی کرتیں کہ ان کا مقامی ترک سرکاری اداروں میں بڑا اثر رسوخ ہے اور جس کسی کو بھی قانونی سطح پر کوئی بھی مسئلہ درپیش ہو، اس کے حل میں کردار ادا کر سکتی ہیں۔ خاتون کے جھانسے میں آکر لوگ مسائل کے حل کیلئے ان سے رجوع کرتے اور وہ فیس کے نام پر پیسے بٹور کر سائیڈ پر ہوجاتیں۔

ترک میڈیا کے مطابق سمیرا حیدر اس وقت قانون کی نظروں میں آگئیں جب 6 افراد نے دھوکا دہی کے الزام میں ان کے خلاف پولیس سے رجوع کیا۔

شکایات ملنے پر انطالیہ پولیس اینٹی اسمگلنگ اینڈ آرگنائزڈ کرائم برانچ ڈائریکٹوریٹ کی ٹیمیں متحرک ہوئیں تو اس خاتون کے فراڈی ہونے کے شواہد ملنے لگے، پولیس کی تحقیقات کی بھنک پڑتے ہی سمیرا حیدر نے ترکیہ سے فرار کا پلان بنایا، مگر اس کوشش کے دوران ترک پولیس نے انہیں انطالیا ایئرپورٹ سے دھرلیا۔

 ترک اخبار حریت کے مطابق انطالیہ کے چیف پبلک پراسیکیوٹر آفس کی ہدایات پر جب ملزمہ کے بینک اکاؤنٹس کی جانچ پڑتال کی گئی تو ایک سال کے دوران ان میں بڑی ٹرانزیکشنز کا سراغ ملا۔

ملزمہ اب پولیس حراست میں ہے، ترکیہ میں پاکستانی کمیونٹی نے سمیرا حیدر کی گرفتاری کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہے کہ ملزمہ کو اس کے کرتوتوں کی سزا ملے گی۔

Related Posts