نواب شاہ میں باراتیوں کی گاڑی کا ٹرک سے تصادم، 5افراد جاں بحق

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو: ڈیلی ٹائمز)

سندھ کے تاریخی شہر نواب شاہ میں باراتیوں کی گاڑی کے ٹرک سے تصادم کے نتیجے میں 5افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس سے شادی کی خوشیاں ماتم میں تبدیل ہوگئیں۔

نواب شاہ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ قاضی احمد قومی شاہراہ پر باراتیوں کی ڈاٹسن پک اپ اور ٹرک کے مابین ہوا۔ خوفناک تصادم کے نتیجے میں 4 بچوں اور 1خاتون  سمیت 5افراد جاں بحق جبکہ 12 شدید زخمی ہوئے۔

خوفناک حادثے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے 3افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جنہیں پی ایم یو ہسپتال نواب شاہ منتقل کیا گیا ہے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر تفتیش کا آغاز کیا۔

حادثے کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی شناخت محمد علی، افسانہ سولنگی، عابد سولنگی، صدورو سولنگی اور غفورا سولنگی کے ناموں سے ہوئی۔ دیگر زخمیوں اور لاشوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جس وقت حادثہ پیش آیا، ڈاٹسن پک اپ دولت پور سے سکرنڈ کی طرف جارہی تھی۔ پولیس نے ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کرکے ٹرالر تحویل میں لے لیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

Related Posts