اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی وفاقی کابینہ میں شامل اراکین کی تقریبِ حلف برداری آج ہوگی جبکہ وزارتوں کے متعلق زیادہ معلومات سامنے نہیں آسکیں۔
تفصیلات کے مطابق نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف کی وفاقی کابینہ آج حلف اٹھائے گی جس میں اسحاق ڈار کو وزارتِ خزانہ کا قلمدان دئیے جانے کی بجائے وزیرِ خارجہ بنائے جانے کا امکان ہے۔ اورنگزیب خان مشیر خزانہ جبکہ شمشاد اختر کو معاونِ خصوصی بنایا جائے گا۔
نئی وفاقی کابینہ میں سابق نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کو مشیرِ داخلہ بنائے جانے کا امکان ہے۔ عطا تارڑ کو وزیرِ اطلاعات، خواجہ آصف کو وزیرِ دفاع، احسن اقبال کو وزیرِ منصوبہ بندی جبکہ مصدق ملک کو وزیرِ توانائی بنائے جانے کا امکان سامنے آیا ہے۔
گزشتہ روز پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے نومنتخب صدرِ مملکت کے عہدے کا حلف اٹھایا جن سے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے حلف لیا۔ سابق صدر عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب میں شرکت کی۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا بھی تقریبِ حلف برداری میں شریک ہوئے جبکہ تقریب میں شرکت کرنے والے دیگر افراد میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر، پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے سربراہان کے علاوہ غیر ملکی سفیر بھی شریک تھے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








