امیر جماعتِ اسلامی سراج الحق کی اپیل پر فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کیلئے کراچی تا کشمور احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں ہوئی ہیں جن میں سیاسی قائدین کے علاوہ عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی تا کشمور غزہ جنگ کے خلاف ریلیوں اور احتجاجی مظاہروں سے جماعتِ اسلامی کے رہنماؤں نے خطاب کیا جن میں ممتاز سہتو، حافظ نصر اللہ چنا، حزب اللہ جکھرو شامل ہیں۔ مظاہروں میں شریک افراد نے اسرائیلی فوج کے غزہ پر ڈھائے جانے والے انسانیت سوز مظالم اور مسلمان حکمرانوں کی بے حسی کے خلاف سخت نعرے بازی کی۔
سندھ کے مختلف شہروں میں ہونے والے مظاہروں میں عوام نے مقبوضہ فلسطین کے مسلمانوں کی داد رسی اور غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔ کراچی کے علاوہ سکھر، کشمور، ٹھٹھہ، کندھ کوٹ، شکارپور، عمر کوٹ، بدین، ٹنڈو آدم اور حیدر آباد کے احتجاجی مظاہروں میں عوام نے بھرپور شرکت کی اور مظلوم فلسطینی بھائی بہنوں سے یکجہتی کا اظہار کیا۔
بدین میں اقصیٰ مسجد سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی گئی جس سے جماعتِ اسلامی سندھ کے نائب امیر ممتاز حسین سہتو اور ضلعی امیر علی مردان شاہ نے خطاب کیا۔ جے آئی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ غزہ کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا کر فلسطینی عوام کو قید کیا گیا اور اب تک 40 ہزار مسلمان افراد شہید کیے گئے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
جماعتِ اسلامی کے رہنماؤں نے کہا کہ مسلمان حکمران بے حس اور عالمی ضمیر خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ جو ایٹم بم قبلۂ اوّل کو نہیں بچا سکتا وہ راکھ کے ڈھیر کے مترادف ہے۔ پاکستان سمیت مسلمان حکمران عملی طور پر امریکا اور اسرائیل کے ایجنٹ بن چکے ہیں۔ غزہ جل رہا ہے اور دنیا کے نام نہاد مسلمان حکمران کوفیوں کا کردار نبھا رہے ہیں۔
عمر کوٹ میں جماعتِ اسلامی کے مقامی دفتر سے پریس کلب تک ریلی منعقد ہوئی جس سے صوبائی نائب امیر حافظ نصر اللہ چنا اور ضلعی امیر خلیل احمد کھوکھر نے خطاب کیا۔ حیدر آباد میں پریس کلب، کشمور میں نادرا آفس سے پریس کلب، ٹنڈو آدم میں کوثر مسجد سے پریس کلب تک جبکہ ٹھتھہ میں ایدھی سینٹر سے پریس کلب تک ریلیاں نکالی گئیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








