اسلامی تاریخ میں ماہِ رمضان کے دوران پیش آنے والے اہم واقعات

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو: آن لائن)

رمضان المبارک کے دوران مسلمانوں پر اللہ تعالیٰ کی خاص رحمتیں اور برکتیں نازل ہوتی ہیں جبکہ ماہِ صیام میں اسلامی تاریخ میں بے شمار اہم واقعات رونما ہوئے اور جب جب ان واقعات کا ذکر آئے گا، ماہِ صیام کو بھی یاد کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق یکم رمضان المبارک کے روز اللہ تعالیٰ کے برگزیدہ ولی حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی رحمۃ اللہ علیہ پیدا ہوئے، اسی ماہِ مبارک کے دوران قرآنِ پاک سمیت تمام الہامی کتب کا نزول ہوا اور کئی اہم واقعات رونما ہوئے جن میں 2 رمضان المبارک کو اللہ تعالیٰ کا حضرت موسیٰ علیہ السلام پر تورات نازل فرمانا بھی شامل ہے۔

اسی طرح 3رمضان کو خاتونِ جنت حضرت فاطمۃ الزہراء رضی اللہ عنہا کا وصال ہوا اور معاہدہ حدیبیہ بھی اسی روز تحریر کیا گیا۔4رمضان المبارک 666ھجری کو مسلمانوں نے انطاکیہ کو صلیبیوں سے آزاد کروایا۔ بعض روایات کے مطابق حضرت موسیٰ علیہ السلام پر تورات کا نزول 6 رمضان کو ہوا۔ 10 رمضان کو ام المؤمنین حضرت خدیجۃ الکبریٰ خالقِ حقیقی سے جاملیں۔

حضرت عیسیٰ علیہ السلام پر انجیل کا نزول 12رمضان کے روز ہوا۔13 رمضان 1199ہجری میں محمود ثانی پیدا ہوئے جو عثمانی سلطنت کے آخری فرماں روا تھے اور جن کی معزولی پر عثمانی سلطنت ختم ہوگئی۔ 15رمضان کو حضرت علی کرم اللہ وجہ کے صاحبزادے حضرت امام حسن رضی اللہ عنہ پیدا ہوئے۔ 17رمضان کو مسلمانوں نے غزوۂ بدر میں کافروں کو شکست دی۔

فتحِ مکہ کے واقعے کے متعلق 2 الگ الگ روایات ہیں جن کے تحت 17 یا 20رمضان المبارک کے روز رسول اللہ ﷺ نے مکہ کی فتح کا اعلان فرمایا جس کے دوران کسی ایک بھی شخص کا خون نہیں بہایا گیا۔ رسول اللہ ﷺ سے سب سے زیادہ احادیث روایت کرنے والی ام المؤمنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کی وفات بھی 17رمضان کو ہوئی۔

اپنی بہترین آواز اور تلاوت کے باعث دلوں پر حکمرانی کرنے والے اللہ تعالیٰ کے برگزیدہ نبی حضرت داؤد علیہ السلام کو 18رمضان المبارک کو زبور عطا فرمائی گئی۔ 19 رمضان کے روز حضرت علی پر قاتلانہ حملہ ہوا اور آپ 21رمضان المبارک کو شدید زخموں کے باعث شہید ہوگئے۔ 22 رمضان کو جنگِ عسقلان میں فاطمی سلطنت کو صلیبیوں سے شکست ہوئی۔

اسلامی تاریخ کے ماہر اور معروف عالمِ دین مولانا ابوالحسن ندوی 23رمضان المبارک کے روز 1420ہجری میں پیدا ہوئے اور 27 رمضان المبارک کو اسلامی جمہوریہ پاکستان دنیا کا سب سے بڑا اسلامی ملک بن کر ابھرا، تاہم 1971 میں سقوطِ ڈھاکہ کے بعد پاکستان کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے۔

خیال رہے کہ مندرجہ بالا روایات کا ذکر محض معلومات کے فروغ اور اسلامی تاریخ کے مختلف واقعات کی جانب توجہ دلانے کیلئے کیا گیا ہے اور رمضان المبارک کی مختلف تاریخوں میں پیش آنے والے ان واقعات کا ایک دوسرے سے کوئی تعلق نہیں۔ معلومات کے اندراج میں کسی بھی غلطی کو رپورٹ کرنے کیلئے کمنٹس سیکشن کا سہارا لیا جاسکتا ہے۔

Related Posts