بالی ووڈ اداکارہ سارہ علی خان کی فلم ”مرڈر مبارک“ آج سے 2 روز قبل نیٹ فلکس پر ریلیز ہوئی ہے جس کی کہانی میں ڈرامہ، رومانوی مناظر اور تجسس سمیت تمام ضروری لوازمات موجود ہیں۔
انوجا چوہان کے ناول کلب یو ٹو ڈیتھ پر مبنی فلم ”مرڈر مبارک“ دہلی کی اشرافیہ اور ان کی سماجی زندگی پر مبنی ہے جن میں ایسے افراد کے تاریک کرداروں سے پردہ اٹھایا گیا ہے جن کے ایک کلب میں ہونے والے قتل کی تحقیقات کے بعد نت نئے راز باہر آنے لگتے ہیں۔
فلم کی کاسٹ میں نامور اداکار شامل ہیں جن میں سارہ علی خان، پنکج ترپاٹھی، وجے ورما، کرشمہ کپور، سنجے کپور، ڈمپل کپاڈیہ اور ٹسکا چوپڑا جیسے نام شامل ہیں۔ فلم میں شامل پنکج ترپاٹھی اور کرشمہ کپور کی موجودگی ”مرڈر مبارک“ کو فلم بینوں کیلئے دلچسپ بنادیتی ہے۔
فلم منظرِ عام پر آنے کے ساتھ ہی سوشل میڈیا پر اس کے متعلق ایک گرما گرم بحث شروع ہوئی۔ بھارتی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ فلم 50 کروڑ کے معمولی بجٹ کے ساتھ بنائی گئی جس میں ایک اہم حصہ پراڈکٹ مارکیٹنگ کیلئے مختص کیا گیا تھا۔
اداکار پنکج ترپاٹھی نے فلم کیلئے 3کروڑ روپے وصول کیے، جو ”مرڈر مبارک“ میں اے سی پی بھاوانی سنگھ کا کردار کرتے نظر آئیں گے جبکہ سارہ علی خان نے اتنی ہی رقم بمبی کا کردار ادا کرنے کیلئے حاصل کی۔ فلم میں کرشمہ کپور نے اداکارہ شہناز نورانی کا کردار کیا ہے۔
کرشمہ کپور نے اپنے رول کیلئے فلمسازوں سے 1 کروڑ روپے لیے جبکہ وجے ورما کو 80 لاکھ روپے کمانے کا موقع ملا جس کیلئے انہوں نے وکیل اور بمبی (سارہ علی خان) کے ممکنہ بوائے فرینڈ آکاش ڈوگرا کا کردار ادا کیا ہے۔ فلم بین ”مرڈر مبارک“ کو نہایت دلچسپی سے دیکھ رہے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








