خواجہ آصف کا مخصوص سیاسی جماعت پر دہشت گردوں کو پناہ دینے کا الزام

تازہ ترین

تازہ ترین

خواجہ آصف
(فوٹو: آن لائن)

اسلام آباد: وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ مخصوص سیاسی جماعت شہداء کا تقدس پامال کرنا چاہتی ہے، ہوسکتا ہے کہ یہی لوگ سرحد پار سے آنے والے دہشت گردوں کوپناہ بھی دیتے ہوں۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سیالکوٹ میں پریس کانفرنس کے دوران خواجہ آصف نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت نے سوشل میڈیا پر شہداء مخالف مہم چلائی، شہادتوں کا مذاق اڑایا، اس سے بڑی ملک دشمنی ہو نہیں سکتی، ٹویٹ کرنے والے ہی دہشت گردوں کو پناہ گاہیں فراہم کرنے والے ہیں۔

پریس کانفرنس کے دوران خواجہ آصف نے کہا کہ پاک فوج نے لازوال قربانیاں دیں، ہمارے فوجی افسران سمیت 5جوان شہید ہوئے۔ پاک فوج ہر حال میں سرحدوں پر ہماری حفاظت کرتی ہے۔ عوام سکون کی نیند سوتے ہیں اور یہ لوگ جانوں کے نذرانے پیش کرتے ہیں۔ شہداء ہمارا فخر ہیں، حالیہ شہداء کے متعلق بھی ٹویٹ کیے گئے۔

وزیرِ دفاع نے کہا کہ ٹویٹ کے ذریعے شہادتوں کا مذاق اڑایا گیا ہے۔ ٹویٹ میں شہداء کو ریٹرننگ افسروں سے تشبیہ دی گئی اور جب غم و غصے کا اظہار ہوا تو پھر وہ ٹویٹ ڈیلیٹ کردی گئی۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑنی ہے تو اتحاد کرنا ہوگا۔ دہشت گردوں کے سہولت کاروں کو ٹریس کر لیا گیا ہے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اگر دہشت گردی کے خلاف جنگ کے موقعے پر تفریق، فتنہ یا خلفشار پایا گیا تو جنگ ملک کے ہر گلی، محلے میں پھیل سکتی ہے۔ جنگ کے شعلے ہر کسی کے دامن کو لپیٹ میں لے سکتے ہیں۔ حکومت دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے میں ضرور کامیاب ہوگی۔

Related Posts