اسلام آباد :محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور اس سے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے۔
ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ بالائی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ مختصر صورتحال کے مطابق مغربی لہر ملک کے بالائی علاقوں کو متاثر کر رہی ہے اور کل تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بالائی خیبرپختونخوا، بالائی پنجاب، شمالی بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش ہوئی۔ جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک رہا۔
جمعرات کو شہید بینظیر آباد ملک کا گرم ترین مقام رہا جہاں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ گیا۔
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے کراچی میں گرمی کی شدت میں کمی کا امکان ظاہرکردیا تاہم آنیوالے دنوں میں درجہ حرارت میں اضافہ ہوگا۔ملک میں موسم تبدیل ہو رہا ہے اور دن کے اوقات میں گرمی بڑھتی جا رہی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








