کراچی کے مضافاتی علاقے میں قائم دینی مدرسہ یتیم بچوں اور بچیوں کا سائبان بن کر سامنے آیا ہے۔
شہر قائد کے علاقے نواب کالونی اتحاد ٹاؤن میں قائم ادارہ الحرمین کے تحت عید کے پر مسرت موقع پر ایک ہزار یتیم بچوں اور بچیوں کیلئے مفت عید شاپنگ کا منفرد بازار لگایا گیا۔
دو دن تک جاری رہنے والے عید شاپنگ بازار میں ایک ہزار یتیم بچوں اور بچیوں کو کپڑوں اور جوتوں سے لیکر کھلونوں تک بچوں کی عید کی ہر ضرورت بالکل مفت فراہم کی گئی۔
عید شاپنگ بازار کا انعقاد ادارہ الحرمین کے اندر ہی خوبصورت سجاوٹ کےساتھ کیا گیا، جس میں یتیم بچوں اور بچیوں نے اپنی مرضی سے جی بھر کر شاپنگ کی۔
ادارہ الحرمین کے سربراہ طلحہ عتیق جو خود بچپن میں یتیمی کا درد سہ چکے ہیں، ہزاروں یتیموں کیلئے مسیحا بن کر سامنے آئے ہیں، عید شاپنگ کے بعد بچوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔
ادارہ حرمین کے عید شاپنگ بازار کے منتظمین کا کہنا ہے کہ بازار میں بچوں کو دیے جانے والے کپڑوں سمیت تمام چیزوں کے معیار پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جاتا۔ تمام بچوں کو بہترین معیار کی چیزیں فراہم کی جاتی ہیں۔
واضح رہے کہ ادارۃ الحرمین گزشتہ تین سال سے یتیم بچوں کے لیے اسی طرح مفت شاپنگ کا انتظام کر رہا ہے۔ ادارے کے تحت اگلے ماہ سے 50 معذور و مفلوج افراد کی ماہانہ کفالت کا انتظام کیا جا رہا ہے، جبکہ ادارہ ماہانہ 250 بیوہ خواتین کی بھی کفالت کرتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








