روسی دارالحکومت ماسکو میں کنسرٹ کے دوران 139 شہریوں کی ہلاکت کے بعد سوشل میڈیا پر جاری بیان میں روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے کہا ہے کہ دہشت گردی مسلم انتہا پسندوں نے کی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں روسی صدر کا کہنا تھا کہ ماسکو میں کنسرٹ ہال پر حملے کی ذمہ داری مسلمان انتہا پسندوں پر عائد ہوتی ہے۔ یہ تفتیش کرنا ابھی باقی ہے کہ دہشت گردی کا حکم دینے والا کون تھا۔
سوشل میڈیا بیان میں روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے کہا کہ یہ واضح ہوچکا ہے کہ کنسرٹ میں دہشت گردی یوکرین کے کردار کے ساتھ ہوئی۔ مسلمان انتہا پسندوں نے اس نظرئیے کے تحت ہی حملہ کیا جس کے زیر اثر مسلم دنیا صدیوں تک جنگیں لڑتی آئی ہے۔
صدر ولادی میر پیوٹن نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ دہشت گردی سے کس نے فائدہ اٹھایا؟ ماسکو میں کنسرٹ ہال پر حملے کا مقصد عوام میں خوف و ہراس اور افراتفری پھیلانا تھا۔ یوکرین کی حکومت سب کچھ نہیں ہاری، یہ نام نہاد منظر دکھانا بھی مقصود تھا۔
قبل ازیں ماسکو میں کنسرٹ ہال پر حملے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر سامنے آئی تھیں۔ حملے کے نتیجے میں 139 افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوئے۔ دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کی پاکستان اور چین سمیت دنیا کے متعدد ممالک نے سخت مذمت کی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








