کراچی میں رواں برس اسٹریٹ کرائمز کے دوران ڈکتیی مزاحمت پر جاں بحق شہریوں کی تعداد 48 ہوگئی ۔ سندھ حکومت نے حالیہ واردات کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ایس ایچ او کو معطل کردیا ہے۔
نجی ٹی وی (ہم نیوز) کی رپورٹ کے مطابق شہرِ قائد کے علاقے گلستانِ جوہر میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ایک اور شہری کو قتل کردیا گیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوگیا۔ ملینیم مال کے قریب ہونے والی واردات کے بعد مبینہ ڈاکو شہریوں کے ہتھے چڑھ گیا۔ عوام نے ملزم کو بد ترین تشدد کا نشانہ بنا کرہلاک کردیا۔
وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او شارعِ فیصل کو معطل کردیا ہے۔گلستانِ جوہر میں ہونے والے قتل کے بعد رواں برس اسٹریٹ کرائمز کے دوران ڈکیتی مزاحمت پر جاں بحق شہریوں کی تعداد 48 ہوگئی۔ گزشتہ 8روز کے دوران ایک خاتون سمیت 8افراد ڈکیتی مزاحمت پر قتل ہوئے ہیں۔
گزشتہ شب گلستانِ جوہر میں پل پر فائرنگ کے نتیجے میں 37سالہ شہری جاں بحق ہوگیا۔ 26مارچ کو اورنگی ٹاؤن میں ڈاکوؤں کی فائرنگ کے نتیجے میں 1 خاتون جان کی بازی ہار گئی تھی۔ 25مارچ کو سرجانی ٹاؤن میں ایک نوجوان کو فائرنگ کرکے قتل کردیاگیا۔ 24مارچ کو نیو کراچی میں 25سالہ دکاندار کو قتل کردیاگیا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








