کراچی سمیت ملک بھر میں آج 21رمضان المبارک کے روز امیر المؤمنین حضرت علی رضی اللہ عنہ کا یومِ شہادت منایا جارہا ہے، آپ رضی اللہ عنہ فاتحِ خیبر اور رسول اللہ ﷺ کی صاحبزادی حضرت فاطمۃ الزہراء رضی اللہ عنہا کے شریکِ حیات ہیں۔
حضرت علی رضی اللہ عنہ کے یومِ شہادت کے موقعے پر ملک بھر کے مختلف چھوٹے بڑے شہروں میں مجالس منعقد ہوں گی، جلوس نکالے جائیں گے اور علمائے کرام و ذاکرین حضرت علی رضی اللہ عنہ کی سیرت کے پہلوؤں پر روشنی ڈالیں گے۔
گزشتہ شب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں حضرت علی رضی اللہ عنہ کے یومِ شہادت کی مناسبت سے نکالا جانے والا مرکزی جلوس امام بارگاہِ زینبیہ سے برآمد ہوا اور اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ اثناء عشری پر اختتام پذیر ہوگیا۔
آج کراچی میں حضرت علی رضی اللہ عنہ کی شہادت کے دن کا جلوس دوپہر 1 بجے برآمد ہوگا اور ایم اے جناح روڈ، ریگل چوک، پریڈی اسٹریٹ سے گزرتا ہوا شام 7 بجے حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ (کھارادر) پر اختتام پذیر ہوجائے گا۔
شہرِ قائد میں جلوس کے اوقات کے دوران ٹریفک گرومندر چوک سے آگے جلوس کے روٹ پر نہیں جاسکے گی۔ ناظم آباد سے آنے والے شہریوں کو لسبیلہ چوک سے نشتر روڈ جبکہ لیاقت آباد کے شہریوں کو تین ہٹی چوک سے جیل روڈ کی جانب جانا ہوگا۔
اسی طرح اسٹیڈیم روڈ سے آنے والے شہری نیو ایم اے جناح روڈ اور شاہراہِ پاکستان سے آنے والے شہریوں کو لیاقت آباد نمبر 10 سے ناظم آباد کی جانب جانے کی اجازت ہوگی۔ خیال رہے کہ آج یومِ علی کی مناسبت سے سندھ حکومت نے تعطیل کا اعلان کررکھا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








