کراچی کے عوام مکمل طور پر ڈاکوؤں اور ڈکیتوں کے رحم و کرم پر رہ گئے، ماہ مقدس میں بھی ڈکیت وارداتوں کیلئے پوری طرح آزاد ہیں اور پولیس اور انتظامیہ شہر کو ڈکیتوں کے حوالے کرکے خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔
بدھ کی شام گئے شہر قائد میں ایک گھنٹے کے دوران ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے 2 افراد کو قتل کردیا، جس کے بعد ڈکیتی مزاحمت پر رواں سال مرنے والے کراچی کے شہریوں کی تعداد 52 ہوگئی۔
شہر میں ایک گھنٹے کے دوران فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوئے، نیو کراچی پاور ہاؤس کے قریب ڈاکوؤں کی فائرنگ سے نوجوان جاں بحق ہوگیا، جبکہ ایک زخمی ہوا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ نارتھ ناظم آباد انڈہ موڑ کے قریب فائرنگ سے ضعیف العمر شخص جاں بحق ہوگیا، جاں بحق شخص کی شناخت 70 سالہ حامد کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول پھل فروش کی دکان پر کھڑا تھا، ڈاکو پھل فروش کو لوٹ رہے تھے، اس دوران مقتول نے مزاحمت کی تو ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے اسے قتل کردیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








