ڈاکو راج سے نمٹنے کیلئے کراچی کو فوج کے حوالے کرنے کا مطالبہ

تازہ ترین

تازہ ترین

فوٹو بزنس ریکارڈر

کراچی میں بدترین ڈاکو راج کے باعث متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینیئر رہنما مصطفیٰ کمال نے کراچی کو 3 ماہ کیلئے فوج کے حوالے کرنے کا مطالبہ کردیا۔

اپنے بیان میں مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت اور سندھ پولیس نے کراچی کو ڈکیتوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے اورکراچی کا کوئی علاقہ اور کوئی سڑک ایسی نہیں ہے جہاں شہریوں کے جان و مال محفوظ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ کسی کو کراچی کا نوحہ سُنائی نہیں دے رہا ہے، آج میٹرول میں دو شہریوں کوقتل کرکے سوا کروڑ روپے لوٹا گیا، وزیرداخلہ سندھ بتائیں کس نے پولیس کے ہاتھ باندھ رکھے ہیں؟

ان کا کہنا تھاکہ سندھ حکومت شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے میں سنجیدہ نہیں لہٰذا ہم مطالبہ کرتے ہیں شہر کو 3 ماہ کیلئے فوج کے حوالے کیا جائے۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھاکہ ایم کیو ایم اسٹریٹ کرائمز سے نمٹنےکیلئے ہر ممکن تعاون پر تیار ہے۔

خیال رہے کہ کراچی شہر میں ماہ رمضان میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے اب تک 18 شہری جاں بحق ہوچکے ہیں اور رواں سال اب تک ڈاکوؤں کے ہاتھوں جاں بحق افراد کی تعداد 50 سے تجاوز کرچکی۔

Related Posts