متحدہ عرب امارات کے حکام نے 275 پاکستانیوں کو ملک بدر کر دیا جنہیں عید الفطر سے قبل جیلوں سے رہا کیا گیا تھا۔
پاکستان ایسوسی ایشن دبئی (PAD) نے مقامی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر جیلوں سے رہا ہونیوالوں کو وطن واپسی کی سہولت فراہم کی۔
متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفارتی مشن کے مطابق رمضان المبارک کے دوران 270 سے زائد پاکستانی قیدیوں کو رہا کیا گیا، جن میں سے زیادہ تر نے عید منانے کے لیے وطن واپسی کا انتخاب کیا تاہم مطلوبہ دستاویزات نہ ہونے کی وجہ سے افراد روانہ نہیں ہوسکے۔
پی اے ڈی نے سالانہ رمضان ویلفیئر مہم میں کامیابی سے 950 خاندانوں میں فوڈ پیکیج تقسیم کیے اور 250 سے زائد افراد کیلئے مقامی مسجد میں روزانہ افطار کا کھانا فراہم کیا۔
پی اے ڈی کے ویلفیئر ڈائریکٹر فیصل سنکا نے ضرورت مندوں کی مدد کرنے میں کمیونٹی کے تعاون کا شکریہ ادا کیا، خاص طور پر عید کی خوشیوں کے دوران محدود وسائل کے حامل افراد کو یاد رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔
یوپی ایس فاؤنڈیشن کے ساتھ ایک حالیہ شراکت داری کے ذریعے100 مستحق خاندانوں کو فوڈ پیکیج فراہم کیے گئے جس سے 400 افراد مستفید ہوئے۔
فیصل سنکا نے پاکستان میڈیکل سینٹر میں سستی طبی دیکھ بھال فراہم کرنے کے لیے تنظیم کے عزم کو اجاگر کیاجہاں 2023 میں تنظیم کی طبی فلاحی خدمات کے حصے کے طور پر 60% سے زیادہ مریضوں کا مفت علاج ہوا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








