کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم ٹی 20 فارمیٹ میں کئی اہم ریکارڈز بنانے کیلئے تیار ہیں جبکہ پاک نیوزی لینڈ کرکٹ سیریز کا آغاز جمعرات سے ہونے والا ہے۔
نجی ٹی وی (ایکسپریس نیوز) کی رپورٹ کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ 5 ٹی 20 میچز پر مبنی سیریز 18اپریل سے شروع کریں گے جس میں بابر اعظم کئی اہم سنگِ میل عبور کرسکتے ہیں تاہم ٹی 20 سیریز میں سب سے زیادہ فتوحات کا ریکارڈ توڑنے کیلئے بابراعظم کو 3 مزید فتوحات کی ضرورت پیش آئے گی۔
اب تک کی صورتحال کے مطابق بابر اعظم نے 71 میں سے 42 ٹی 20 میچز میں قومی ٹیم کو فتح دلائی، یوگنڈا کے برین مسابا نے 44 میچز جیتے۔ بطور کپتان ٹی 20 رنز کا ریکارڈ ایرون فنچ کے پاس ہے جسے توڑنے کیلئے بابر اعظم کو مزید 42 رنز بنانا ہوں گے۔ فنچ کا ریکارڈ 2 ہزار 236 رنز ہے۔
اس کے علاوہ بابر اعظم سابق بھارتی کپتان ویراٹ کوہلی کو سب سے زیادہ ٹی 20 رنز کرنے میں شکست دے کر آگے بڑھ سکتے ہیں۔ کوہلی نے 109 اننگز میں 4 ہزار 37 رنز کا ریکارڈ بنایا ہے۔ بابر اعظم 103 اننگز میں 3 ہزار 698 رنز بنائے ہیں اور موجودہ ٹی 20سیریز میں کوہلی کو پیچھے چھوڑا جاسکتا ہے۔
دوسری جانب بھارتی کرکٹ ٹیم کے موجودہ کپتان روہت شرما نے 143 ٹی 20 میچز میں 3 ہزار 974 رنز کا ریکارڈ بنایا ہے، بابراعظم ٹاپ پر پہنچنے کیلئے ٹی 20 سیریز میں 340 رنز بنا کر روہت شرما اور ویرات کوہلی دونوں کا ریکارڈ توڑ سکتے ہیں، جس کیلئے بابر اعظم ہمیشہ کی طرح تیار ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








